21 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 20:12
کراچی میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ عوام دشمنی ہے،متحدہ
جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کے حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے شہرمیں طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی سخت ترین الفا ظ میں مذمت کی ہے اوراسے کھلی دشمنی قراردیتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ کراچی کے عوام کوبجلی کی لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات دلائی جائے۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ کراچی میں10 سے12گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ سے جہاں شہریوں کوشدیدمشکلات کاسامناہے وہیں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے صنعتی و تجارتی سرگرمیاں بھی شدید متاثرہورہی ہیں جبکہ لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بجلی کی طویل غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کھلی دشمنی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انھوں نے صدر آصف علی زرداری،وزیراعظم یوسف رضاگیلانی ،گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباداوروزیراعلیٰ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیاکہ وہ طویل لوڈشیڈنگ کاسختی سے نوٹس لیں اورکراچی کے عوام کواس عذاب سے نجات دلائیں۔دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم شکار پور زون یونٹ رستم کے جوائنٹ انچارج عبد الرحمان، اورنگی ٹاؤن سیکٹرکے کارکن مراد کی اہلیہ محترمہ گلشن اور گڈاپ ٹاؤن سیکٹر کے کارکن دلدار کی والدہ محترمہ رقیہ بیگم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ علاوہ ازیں الطاف حسین کی خصوصی ہدایت پر خدمت خلق فاؤنڈیشن کی جانب سے سندھ میں شدید طوفانی بارشوں اورسیلاب زدگان کی امدادوبحالی کاسلسلہ جاری ہے اوراس سلسلے میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان،منتخب حق پرست عوامی نمائندے،ایم کیوایم کے صوبائی وضلعی ذمہ داران،ذیلی سیکٹرزویونٹوں کے عہدیداران وکارکنان اورخدمت خلق فاؤنڈیشن کے رضاکارگزشتہ کئی روزسے متاثرہ علاقوں میں سیلاب وبارش زدگان کی دادرسی کررہے ہیں اورانہیں خدمت خلق فاؤنڈیشن کی جانب سے امدادی سامان وطبّی سہولتیں فراہم کررہے ہیں۔ حق پرست رکن قومی اسمبلی وسیم اخترنے میر پور خاص کے علاقے جھڈو میں خدمت خلق فاؤنڈیشن کے تحت گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول میں قائم طبّی امدادی کیمپ کادورہ کیااورسیلاب متاثرین کوطبّی سہولیات کی فراہمی کاجائزہ لیااورمتاثرین سے ملاقات کرکے ان میں امدادی سامان بھی تقسیم کیا۔ اس مو قع پر کراچی تنظیمی کمیٹی کے جوائنٹ انچارج وحق پرست سابق صوبائی وزیر خالد عمر ، اندرون سندھ کے رکن سراج راجپوت،، زونل انچارج میرپور خاص زون عظیم دانش اورکمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔ بعد زاں حق پرست رکن قومی اسمبلی کے رکن وسیم اختر نے اور متاثرین میں خشک اجناس، منرل واٹر، پانی صاف کرنے والی گولیوں کے علاوہ دیگرامدادی سامان تقسیم کیا۔ متاثرین سے بات چیت کر تے ہوئے انہوں نے کہاکہ الطا ف حسین نے ہمیشہ دکھی انسانیت کی خدمت کا درس دیا ہے یہ یہی وجہ کہ ایم کیوایم کے تمام ذمہ داران مصیبت زدہ عوام کے درمیان ان کی مددکررہے ہیں۔