22 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 3:9
بھارت مقبوضہ کشمیر میں طاقت اور تشدد کا کھیل بند کرے ، حنا ربانی کھر
جنگ نیوز -
نیویارک ... پاکستانی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پرامن حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیئے ،وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے نیویارک میں او آئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پرامن حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کا شکریہ اداکرتے ہیں کہ کشمیر اب بھی او آئی سی کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ اور بھارت اقوام متحدہ کے منشور میں دیئے گئے حق خود اختیاری سے مسلسل انکار کررہا ہے۔ جبکہ بھارت کے عسکری اور پولیس آپریشنز کے باوجود کشمیریوں نے ہمت نہیں ہاری۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں طاقت اور تشدد کا کھیل بند کرے ، کشمیر میں حالیہ تشدد اور خواتین کے زیادتی کے واقعات نے کشمیر ی تحریک کو ایک نیا رخ دیا ہے۔ پاکستان کشمیریوں پر مظالم سے لاتعلق نہیں رہ سکتا۔ مذاکرات ہی مسئلہ کشمیر کا حل ہے۔او آئی سی گروپ اجلاس میں ترکی کے وزیرخارجہ،سعودی عرب،نائیجر اور دیگر ممبرممالک کے مندوبین شامل تھے اور اس سال او آئی سی رابطہ گروپ اجلاس میں کشمیری رہنماوٴں میں سے صرف میر واعظ عمر فاروق شریک ہوئے۔