22 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 9:9
شریف برادران حکومت پر تنقید کے بجائے ڈینگی پر توجہ دیں، پی پی جاپان
جنگ نیوز -
ٹوکیو…عرفان صدیقی…پاکستان پیپلز پارٹی جاپان کے صدر نعیم الغنی آرائیں نے کہا ہے کہ شریف برادران حکومت پر تنقید سے زیادہ پنجاب میں پھیلی ہوئی ڈینگی بخار کی وباء کے خاتمے پر توجہ دیں۔ یہ بات انہوں نے پی پی پی جاپان کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چےئرمین بلاول بھٹو زرداری کی 23 ویں سالگرہ کی تقریب میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،انہوں نے کہا کہ سندھ میں تباہ کن سیلاب میں بے شمار ہلاکتوں اور مالی نقصانات کا سامنا کرنے والے متاثرین سے اظہار ہمدردی کی خاطر ہم نے اپنے چےئرمین کی سالگرہ کی تقریب کو دعائیہ تقریب میں تبدیل کیا۔ اس موقع پر چےئرمین بلاول بھٹو زرداری کی درازئی عمر،شہید ذو الفقار علی بھٹو،شہید محترمہ بینظیر بھٹو،شہید میر مرتضیٰ بھٹو،شہید شاہنواز بھٹو سمیت دیگر شہدائے جمہوریت اور سندھ میں حالیہ سیلاب و پنجاب میں ڈینگی مچھر سے ہلاک ہونے والے افراد اور بلوچستان سمیت دیگر علاقوں میں دہشت گردی کا شکار ہونے والے بے گناہ افرادکے بلند درجات کے لئے خصوصی دعا کی گئی ۔ نعیم الغنی آرائیں نے مزید کہا کہ یہ کہاں کی انسانیت اور سیاست ہے کہ ہزاروں افراد کی ہلاکت کے بعد ان کے لواحقین اور دیگر متاثرین، بے گھر بے یار و مددگار چار فٹ پانی میں کھڑے امداد کے منتظر ہیں اور شریف برادران پیپلز پارٹی سے روایتی دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مڈ ٹرم انتخابات کا شوشہ چھوڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی انتخابات سے گھبرانے والی نہیں ہے مگر ہم شریف برادران کی بے وقت کی راگنی کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔انہیں چاہیے کہ سیلاب کے متاثرین کی مدد کرنے میں مرکزی اور سندھ حکومت کا ہاتھ بٹائیں اور صوبہ پنجاب میں ڈینگی مچھروں کے خاتمے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائیں۔ تقریب میں شرکت کرنے والی نمایاں شخصیات میں پی پی پی جاپان کے سینئر نائب صدر رانا عامر،نائب صدور مرزا خلیل بیگ،ملک وسیم،جنرل سیکرٹری حاجی ابراہیم خان،انفارمیشن سیکرٹری رانا امتیاز،مرزا محسن، سائی تاما کے صدر محمد ادریس،جنرل سیکرٹری محمد انیس اور ظہیر بٹ کے علاوہ دیگر عمائدین شہر بھی شامل تھے۔