22 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 9:21
ڈینگی ٹیسٹ فیس90روپے مقرر کرنے کیخلاف درخواست مسترد
جنگ نیوز -
لاہور …لاہور ہائی کورٹ نے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی طرف سے ڈینگی ٹیسٹ کی فیس 90 روپے مقرر کرنے کے خلاف درخواست مسترد کردی۔لاہور کی مختلف لیبارٹریوں کے مالکان نے ڈینگی ٹیسٹ فیس 90 روپے مقرر کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا تھا۔ پنجاب حکومت کی طرف سے عدالت کو بتایا گیا کہ ڈینگی ایک وباء کی صورت میں لاہور میں پھیلا ہے جس سے عام شہریوں کی بڑی تعداد متاثر ہوئی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے عام شہریوں کی سہولت کے لئے ڈینگی ٹیسٹ کی تمام لیبارٹریوں کے لئے یکساں فیس مقرر کردی کیونکہ بعض لیبارٹریاں عوام سے زیادہ فیسیں وصول کررہی تھی جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا تھا۔عدالت کو بتایا گیا کہ 90 روپے ٹیسٹ فیس وصول کرنے کے باوجود لیبارٹریوں کو 30 روپے تک منافع ہوتا ہے اور کسی لیبارٹری کو کوئی نقصان نہیں ہورہا۔ جسٹس خالد محمود نے درخواست مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ 30 روپے منافع کافی ہے تمام لوگوں کو انسانی جانیں بچانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔