تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
22 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 9:59

پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ میں ڈینگی کے مریضوں میں اضافہ

جنگ نیوز -


کراچی…ڈینگی وائرس نے پنجاب کے ساتھ ملک کے دیگر حصوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لینا شروع کردیا ہے۔ خیبر پختونخوا اور سندھ میں بھی مریضوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔ ڈیرہ غازی خان میں دسویں جماعت کا طالب علم جاں بحق ہوگیا۔ سرگودھا میں آج مزید 10 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ ان میں سے 3 مریضوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال اور 7 افراد کو نجی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ ضلع میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 115 ہوگئی ہے۔ میڈیکل اسٹورز پر ملیریا اور بخار کی دوائیں نایاب ہوگئی ہیں۔ دوسری جانب ضلعی حکومت نے تمام نجی و سرکاری اسکولوں ، محلوں اور بازاروں میں بڑے پیمانے پر اسپرے شروع کردیا گیا ہے۔ ڈیرہ غازی خان میں دو نئے مریض سامنے آنے کے بعد ضلع میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 48 ہوگئی ہے۔ رات گئے اسپتال میں زیر علاج دسویں جماعت کا طالب علم جاں بحق ہوگیا۔ ڈیرہ غازی خان میں 20 روز کے دوران ڈینگی سے 4 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔بہاول نگر میں مزید 3 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال میں اس وقت 13 اور بہاول وکٹوریہ اسپتال میں چھ مریض زیر علاج ہیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں ڈینگی وائرس کے 391 اور ملتان میں 71 مریض مختلف اسپتالوں میں داخل ہیں۔ رحیم یارخان کے شیخ زید اسپتال میں ڈینگی وائرس کے مزید 4 مریض لائے گئے جس کے بعد یہاں زیر علاج مریضوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔ چیچہ وطنی اور ساہی وال میں 10 اور وہاڑی میں 25 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ادھر صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقوں میں بھی ڈینگی وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ہری پور میں ڈینگی بخار کے مزید دو مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 20 ہے۔ سوات میں 7 ، گلگت بلتستان اور کوہاٹ میں دو دو مریضوں میں ڈینگی بخار کی تصدیق کی گئی ہے۔چارسدہ میں ڈینگی مچھر سے بچاوٴ کے لئے اسپرے مہم شروع کردی گئی۔ خیبر ایجنسی اور باجوڑ ایجنسی کے چار افراد میں اب تک ڈینگی بخار کی تصدیق ہوچکی ہے۔ خیبر ایجنسی میں آج دو مشتبہ مریض اسپتال میں لائے گئے جن کے خون کے نمونے ٹیسٹ کے لئے بھجوادیئے گئے ہیں۔ سندھ بھی ڈینگی وائرس کی لپیٹ میں آتا جارہا ہے۔ حیدرآباد سمیت اندرون سندھ میں اب تک 34 افراد میں ڈینگی بخار کی تصدیق ہوئی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.