22 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 9:59
داغستان میں دو بم دھماکے، پولیس افسر ہلاک، 60 افراد زخمی
جنگ نیوز -
ماسکو …جنگ نیوز… روسی ریاست داغستان کے دارالحکومت مخاچکلہ میں وزارت داخلہ کے دفاتر کے قریب یکے بعد دیگر دو بم دھماکوں میں ایک پولیس افسر ہلاک اور 44 پولیس اہلکاروں سمیت 60 افراد زخمی ہو گئے۔ روسی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پہلا دھماکا وزارت داخلہ کے قریب کھڑی کار میں نصب بم کا تھا جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم اس کے چند منٹ بعد 40 میٹر دور کھڑی کی گئی ایک اور کار میں نصب بم کے دھماکے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔ پولیس کے مطابق دوسری کار میں 40 کلوگرام وزنی دھماکہ خیز مواد رکھا گیا تھا۔ زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں اور دیگر 16 افراد کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کرکے طبی امداد دی جا رہی ہے۔ دھماکے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی تاہم جرائم پیشہ گروہ اور اسلامی عسکریت پسندوں پر تخریب کاری کی کارروائیوں کے الزامات عائد کئے جاتے رہے ہیں۔