23 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 11:10
خیبرایجنسی :بارودی مواد پھٹنے سے چارشدت پسند ہلاک
جنگ نیوز -
پشاور… خیبرایجنسی میں شدت پسندوں کی گاڑی میں مخالف گروپ کی جانب سے نصب کیا گیا بارودی مواد پھٹنے سے 4 شدت پسند ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق واقعہ خیبرایجنسی کے دور افتادہ وادی تیراکے علاقے مستک میں پیش آیا۔ جہاں کالعدم لشکر اسلام کے شدت پسندوں کی گاڑی میں مخالف گروپ کی جانب سے نصب کیا گیا بارودی مواد اچانک زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ بارودی مواد پھٹنے سے 4 شدت پسند موقع پر ہلاک جبکہ ان کا ایک کمانڈر زنجیرخان شدید زخمی اور گاڑی مکمل تباہ ہوگئی۔ واضح رہے کہ ان دنوں کالعدم لشکر اسلام کا دیگر شدت پسند گروپوں کے ساتھ شدید اختلاف پایا جاتا ہے۔