23 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:21
شعیب کی بات کا جواب دینا توہین سمجھتا ہوں،سچن ٹنڈولکر
جنگ نیوز -
ممبئی…بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سچن ٹنڈولکر نے پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کی کتاب پر اپنے حوالے سے کہی بات پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کو ایس ایم ایس کے ذریعے دیئے جانے والے پیغام میں سچن ٹنڈولکر نے کہا کہ وہ شعیب اختر کی بات کا جواب دینا ضروری نہیں سمجھتے ، سچن کا کہنا تھا کہ شعیب اختر کی بات کا جواب دینا ان کیلئے اپنی توہین کے مترادف ہے، واضح رہے کہ اسپیڈ اسٹر شعیب اختر نے سچن ٹنڈولکر کے بارے میں کہا تھا کہ وہ ان کی تیز بولنگ سے گھبراتے تھے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ انڈین بیٹنگ ماسٹر ان کی بولنگ کا سامنا کرتے ہوئے گھبراتے تھے ، سچن نے تو ان کی بات کا جواب دینا گوارا نہیں کیا، لیکن اعداد و شمار سے بھی ایسا ہی لگتا ہے کہ سچن ، شعیب کا سامنا کرتے کچھ مشکل میں تو ضرور رہے ہیں۔اسپیڈاسٹر شعیب اختر اور بیٹنگ ماسٹر سچن ٹنڈولکر کا مجموعی طور پر اٹھائیس میچز میں سامنا ہوا۔جن میں نو ٹیسٹ اور انیس ایک روزہ میچز شامل ہیں۔ ان مقابلوں میں آٹھ مرتبہ شعیب اختر نے سچن ٹنڈولکر کو پویلین کی راہ دکھائی ، شعیب نے پہلی مرتبہ سچن کو کولکتہ ٹیسٹ میں اپنی تیز گیند کا مزہ چکھایا جب بھارتی ماسٹر ان کی گیند سے بلا ملاتے رہ گئے اور اْں کی وکٹیں میدان پر سوکھے پتوں کی طرح بکھر گئیں۔ اس کے بعد گویا سچن ٹنڈولکر کے ذہن پر شعیب کا خوف سوار ہی رہا ،اعداد و شمار کے مطابق، سچن نے شعیب اختر کی ایک سو پچانوے گیندوں کا سامنا کیا اور ان کیخلاف ایک سو تریسٹھ رنزاسکور کیے۔ اٹھائیس میچز میں ماسٹر بیٹسمین سچن ٹنڈولکر ، شعیب اختر کی بولنگ پر صرف بائیس چوکے اور دو چھکے ہی لگا سکے۔