تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
23 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 20:11

مائیک ملن کی جانب سے لگائے گئے الزامات قابل مذمت ہیں، الطاف حسین

جنگ نیوز -


لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے امریکہ کی مسلح افواج کے سربراہ ایڈمرل مائیک ملن کی جانب سے پاکستان، مسلح افواج اورآئی ایس آئی پر لگائے جانے والے الزامات کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے۔اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ ایک ایسے وقت میں جبکہ پاکستان کا ایک بڑاصوبہ ڈینگی وائرس کی وباء میں مبتلاہے اوردوسرے صوبے میں سیلاب نے تباہ کاریاں مچائی ہوئی ہیں اورپاکستان میں دہشت گردمختلف علاقوں میں بارباردھماکے کرکے بے گناہ پاکستانیوں کوہلاک وزخمی کررہے ہیں،ایسے وقت میں امریکہ اور امریکہ کے اعلیٰ حکام کوپاکستان سے اظہارہمدردی کرناچاہیے تھا نہ کہ ایسے منفی بیانات جاری کئے جائیں کہ جس سے نہ صرف پاکستان اوراس کے انتہائی اہم اورحساس اداروں کے تقدس پرآنچ آتی ہوبلکہ ہرپاکستانی کی دل آزاری بھی ہوتی ہو۔ الطاف حسین نے کہاکہ امریکی حکومت اورامریکی افواج کے سربراہوں کویہ نہیں بھولناچاہیے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے نہ صرف فرنٹ لائن اسٹیٹ کاکرداراداکیابلکہ پاکستان کی مسلح افواج نے صف اول کاکرداراداکرتے ہوئے اپنے ہزاروں افسروں اورجوانوں کی قیمتی جانوں کی قربا نی بھی پیش کی۔ اسی طرح پاکستان کے حساس ادارے آئی ایس آئی نے امریکی حساس اداروں کے ساتھ ملکرالقاعدہ اوردیگر دہشت گردتنظیموں کے اہم افرادکوگرفتارکرنے میں جومثبت اورناقابل فراموش کرداراداکیاہے اس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے ۔ انھوں نے صدرآصف زرداری، وزیراعظم یوسف رضاگیلانی سے پرزوراپیل کی کہ پاکستان کودرپیش موجودہ نازک صورتحال میں قوم کویکجاکرنے اور قومی جماعتوں کواعتماد میں لینے کیلئے ہنگامی بنیادیعنیSOS کی بنیادپرتمام قومی جماعتوں کی گول میزکانفرنس کا انعقاد کیا جائے اور ملک کودرپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے سلسلے میں متفقہ لائحہ عمل بنایاجائے۔اس کانفرنس میں مسلح افواج کے سربراہوں اورآئی ایس آئی کے چیف سمیت قومی سلامتی کے تمام حساس ادارو ں کے سربراہوں کوبھی مدعوکیاجائے ۔انھوں نے مزیدکہاکہ صدرمملکت یاوزیراعظم قوم سے فی الفور خطاب کرکے انہیں تازہ ترین حالات کے بارے میں اعتمادمیں لیں اورموجودہ نازک صورتحال کے بارے میں پاکستان کے موٴقف سے نہ صرف پاکستانی قوم بلکہ پوری دنیاکوآگاہ کریں۔اپنے بیان میں الطاف حسین نے پاکستان کی مسلح افواج اورآئی ایس آئی سمیت دیگر حساس اداروں کویقین دلایاکہ ملک کی بقاء وسلامتی اوردرپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے قوم کل بھی مسلح افواج اور حساس اداروں کے ساتھ تھی اورآج بھی ساتھ ہے۔










متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.