24 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 7:48
لاہور:ڈینگی سے مزید3افراد جاں بحق، ہلاکتوں کی تعداد74ہوگئی
جنگ نیوز -
لاہور…لاہور میں ڈینگی سے ہلاکتوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔ گزشہ چند گھنٹوں میں دو افراد ڈینگی بخار کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار گئے۔غیر سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ڈینگی سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 74 ہو گئی ہے۔ لاہور کے سروسز اسپتال میں بیالیس سالہ رخسانہ بی بی اور 22 سالہ ایاز بھٹی ڈینگی کے مرض سے باہرنہ آ سکے اور موت کی وادی میں چلے گئے،میاں میر کالونی کی رہائشی رخسانہ بی بی اور گلشن راوی کے رہائشی ایاز کو چند روز قبل بخار کی حالت میں اسپتال لایا گیا تھا جنہیں ڈینگی بخار کی تصدیق کے بعد داخل کر لیا گیا۔رخسانہ بی بی کے چار بچے ہیں اور اس کا خاوند محنت کش ہے۔رخسانہ بی بی کے لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ رخسانہ بی بی ڈاکٹروں کی غفلت سے ہلاک ہوئی ،اسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں دیکھ بھال نہیں کی جارہی۔لاہور کے اسپتالوں میں روزانہ 3 سے پانچ ہزار افراد بلڈ ٹیسٹ کے لیے آرہے ہیں رش کی وجہ سے اْن مریضوں کو اسپتالوں میں داخل کیا جارہا ہے جن کے پلیٹ لیٹس 30ہزار سے کم ہوں۔مریضوں میں اضافے کے باعث ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے ہونے والی ہلاکتوں کے کیسز بھی سامنے آ رہے ہیں۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ لوگوں میں اس حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ جہاں ڈاکٹروں کی مریضوں کی طرف عدم توجہ اچھا عمل نہیں وہیں ڈاکٹروں کا ہمدردانہ رویہ مریضوں اور ان کے لواحقین کی آدھی مشکلات ختم کر دیتا ہے۔