24 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 8:37
ڈینگی نے مزید6جانیں لے لیں ،ہلاکتیں77ہوگئیں
جنگ نیوز -
لاہور… لاہور میں ڈینگی نے مزید 6مریضوں کی جان لے لی جس کے بعد اب تک ستتر افراد ڈینگی ہاتھوں زندگی کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ پنجاب میں ڈینگی وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد ساڑھے نوہزار سے تجاوز کر گئی۔ وزیراعلی نے شہر میں فوری طورپرعارضی فیلڈ اسپتال قائم کرنیکی ہدایت کر دی ہے۔ لاہور میں ڈینگی سے مرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ آج میو اسپتال میں 70سالہ طفیل ،45سالہ ارشد اور20سالہ جہانزیب ڈینگی کے باعث دم توڑ گئے۔ شہر میں خوف و ہراس کی فضا ہے، اسپتالوں میں ڈینگی بخار کے شبہ میں آنے والے لوگوں کا رش جاری ہے۔ ابتدائی بلڈ ٹیسٹ کے بعد صرف ایسے مریضوں کو داخل کیا جاتا ہے جن کی حالت خطرے میں ہو۔ بیشترمریضوں کاکہناہے کہ وہ علاج سے مطمئن نہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی صدارت میں آج بھی ڈینگی ایمرجنسی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ڈینگی وائرس کے خاتمے کے لئے بنائی گئی پالیسی اور اس پر عملدرآمد کے لئے تمام پہلووٴں پرغور کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈینگی مریضوں کے علاج کیلئے منگوائی گئی مشینیں اٹھائیس ستمبر کو لاہور پہنچ جائیں گی۔ 624 نرسیں بھرتی کر کے مختلف اسپتالوں میں تعینات کر دی گئی ہیں۔