24 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 12:21
خیبر پختون خوا کی تمام جامعات میں آج دوسرے روز بھی ہڑتال جاری
جنگ نیوز -
پشاور …پشاور سمیت خیبر پختونخوا کی تمام سرکاری یونیورسٹیوں میں اساتذہ اور کلاس فور ملازمین کی ہڑتال جاری ہے۔ اساتذہ کا نمایندہ وفد آج گونر خیبر پختونخوا سے ملاقات کرے گا۔تنخواہوں میں اضافہ کے فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونے کے خلاف صوبہ کی تمام یونیورسٹیز میں اساتذہ اور کلاس فور ملازمین جمعہ کے دن سے احتجاج پر ہیں۔ آج بھی اساتذہ نے کلاسز کا بائیکاٹ کررکھا ہے۔ اور احتجاجی جلسوں اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ فپواسا کے صدر ڈاکٹر محمد فدا نے جیو نیوزکو بتایاکہ گورنر خیبرپختونخوا نے احتجاج کا نوٹس لیتے ہئوے اساتذہ کے وفد کو گورنر ہاوس طلب کرلیا ہے۔ آج اساتذہ کا گیارہ رکنی وفد گورنر خیبر پختونخوا بیرسٹر مسعود کوثر سے ملاقات کریگا۔ پشاور یونیورسٹی کے زیر سایہ چلنے والے اسکولز بھی بند ہیں۔ جس سے طالب علموں کی پڑھائی متاثرہورہی ہے۔