24 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 14:21
امریکی الزامات پرجماعت اسلامی کا 28 ستمبر کو قومی کانفرنس کا اعلان
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . . . . امریکی الزامات اور ملکی صورت حال پر جماعت اسلامی نے 28 ستمبر کو اسلام آباد میں قومی کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کر دیا ، لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ امریکا افغانستان میں شکست کے خوف سے خطے میں نئی صورت حال پیدا کرنا چاہتا ہے۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے جماعت اسلامی کی سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں داخلہ اور خارجہ محاذ پر درپیش مسائل سے نمٹنے کی مشترکا پالیسی تیار کریں، کراچی سمیت ملکی صورت حال اور امریکی الزامات پر جماعت اسلامی کانفرنس بلا رہی ہے جس میں سیاسی و دینی جماعتوں،وکلاء، سول سوسائٹی اور دانشوروں کو مدعو کیا گیا ہے۔ لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ بھارت کے بعد اب امریکا اس خطے میں بالادستی قائم کرنے کے لیے پاکستان کی دشمنی پر اتر آیا ہے، برہان الدین ربانی کا قتل اور امریکی سفارتخانے پر حملہ انجینئرڈ تھا۔