24 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:23
سندھ سے ملک بھر میں پھلوں اور سبزیوں کی ترسیل میں کمی
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . . سندھ میں آنے والی حالیہ طوفانی بارشوں اور اس کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کے باعث ملک بھر میں سندھ سے پھلوں اور سبزیوں کی ترسیل میں کمی ہو گئی ہے اور گزشتہ تین ہفتوں کے دوران سبزیوں کی قیمتیں ایک سو فی صد سے زائد بڑھ چکی ہیں۔ابتدائی اعداوشمار کے مطابق سندھ میں طوفانی بارشوں کی وجہ سے ملک کے دیگرحصوں کو سبزیوں کی ترسیل 70 فی صد سے زائد کم ہوچکی ہے، راول پنڈی اسلام آباد کی منڈیوں میں سبزی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، گزشتہ ماہ 35 سے 40 روپے فی کلو فروخت ہونے والی بھنڈی 80 روپے ،توری 30روپے فی کلو سے بڑھ کر75 روپے اور ٹماٹر 35 سے بڑھ کر 75 اور 80 روپے فی کلو کے درمیان فروحت ہو رہا ہے اوریہی حال باقی سبزیوں کا ہے۔انجمن ہول سیل ویجی ٹیبل اور دکان داروں کا کہنا ہے کہ سندھ میں طوفانی بارشوں اورسیلابی صورت حال کی وجہ سے منڈی میں مختلف سبزیوں کی ترسیل میں کمی آگئی ہے، جس کے باعث ان کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔