24 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:38
لاہور کے بعد اب کراچی،ڈینگی بخار سے خاتون جاں بحق
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . لاہور کے بعد اب کراچی میں بھی ڈینگی کے بخار سے ایک خاتون ہلاک ہوگئی۔رواں سال کراچی میں ڈینگی بخار سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد پانچ ہوگئی ہے۔کراچی کے علاقے دستگیر نمبر 9 کی 34 سالہ رہائشی خاتون کو دو روز قبل تیز بخار کی شکایت پر ایم اے جناح روڈ پر واقعے نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا تاہم گزشتہ روز خاتون میں ڈینگی بخار کے وائرس کی تصدیق ہوئی تھی اور اس کے پلیٹ لیٹس بہت کم ہوگئے تھے۔ ڈینگی سرویلنس سیل کے مطابق خاتون آج نجی اسپتال میں ڈینگی کے بخار سے انتقال کرگئی۔ کراچی میں اس سال کے دوران ڈینگی بخار سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہوگئی۔اہل خانہ کے مطابق خاتون دو بچوں کی ماں تھی۔ ڈی سی او کراچی محمد حسین سید نے جیونیوز کو بتایا کہ ڈینگی سے بچاو کے لیئے گھر گھر پمفلٹ بانٹے ہیں اور شاہراہوں پر بینر لگوائے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کے لیے ہینڈ بل رکھ دیئے گئے ہیں۔