24 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:38
فیصل صالح حیات کی سربراہی میں خواتین فٹبال کو عروج ملا ،روبینہ عرفان
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . .شکیل یامین کانگا /نمائندہ خصوصی. .. پاکستان فٹ بال فیڈریشن ویمنز ونگ کی چیئرپرسن روبینہ عرفان نے کہا کہ انٹرنیشنل فٹ بال فیڈریشن نے ویمنز فٹ بال پر بھرپور توجہ دی ہے جس کی وجہ سے آج ملک بھر میں خواتین فٹ بال کھیلی جارہی ہے، سات سال سے قومی چمپئن شپ ہورہی ہے، جس میں بہترین کھلاڑی شرکت کررہی ہیں۔ چیئرپرسن کی حیثیت سے ملک بھر میں جہاں بھی ویمنز فٹ بال ہوتی ہے شرکت کرتی ہوں اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتی ہوں، فیڈریشن نے مینز کے ساتھ ساتھ خواتین فٹ بال کو بھی ملک بھر میں پھیلایا ہے۔ جناح فٹ بال اسٹیڈیم اسلام آباد میں جنگ سے باتیں کرتے ہوئے پاکستان فٹ بال فیڈریشن ویمنز ونگ کی چیئرپرسن روبینہ عرفان نے بتایا کہ قومی ویمنز چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل کا آغاز اتوار سے ہورہا ہے جس میں پہلا میچ دیا ویمنز فٹ بال کلب اور پنجاب کے درمیان ہورہا ہے۔ مسلسل ساتویں سال قومی چیمپئن شپ کا کامیابی سے انعقاد جارہی ہے جس میں نئی اور پرانی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں، اس ایونٹ میں 16 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔ سینئرز کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ کئی نئی کھلاڑی بھی سامنے آئی ہیں۔ جرمنی سے تعلق رکھنے والی سمانتا نے کافی متاثر کیا ہے، ملائکہ نور، شلائلہ بلوچ، ہاجرہ، مریم لغاری، شاہدہ چنٹو، عشرت اور دیگر کئی کھلاڑی قومی اور انٹرنیشنل ایونٹس میں مسلسل بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہیں۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سربراہ فیصل صالح حیات کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے ویمنز فٹ بال کو پاکستان بھر میں پھیلایا ہے۔ کھیل کی ترقی کے لئے وفاقی حکومت کو مدد کرنی چاہئے جتنے زیادہ فنڈز ملیں گے ہم اپنے کھلاڑیوں کو اتنی زیادہ بہتر تربیت کا بندوبست کریں گے۔ انہیں تجربہ دلانے کیلئے ملک سے باہر بھی بھیجیں گے۔ ملک میں کھیل کی ترقی اور فروغ کیلئے جہاں کئی بھی خواتین ایونٹس ہوتے ہیں وہاں جاتی ہوں اور ٹیموں سے مسلسل رابطے میں رہتی ہوں، ان کے برابر بیٹھ کر میچز دیکھتی ہوں۔ ملک میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی کمی نہیں جتنے زیادہ ایونٹس ہوں گے ہمیں نئے کھلاڑی میسر آئیں گے۔