24 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:49
امریکا پاکستان پر الزامات سے گریز کرے،امیر حیدر ہو تی
جنگ نیوز -
پشاور . . . . . . وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا امیر حیدر خان ہو تی نے کہا ہے کہ امریکا کو پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کرنے سے گریز کرنا چاہئے بصورت دیگر اس کا نقصان پاکستان کی بجائے خودامریکاہی کو پہنچے گا۔ وہ خیبرپختونخوا چیمبر آف کامرس میں ریسرچ اور ڈویلپمنٹ بلاک کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ امریکا پاکستان سے متعلق غیر ذمہ دارانہ بیانات سے اجتناب برتے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا جن مقاصد کے لیئے افغانستان آیا ہے وہ مقاصد پورے نہیں ہوں گے۔ امیر حیدرہو تی نے خبردار کیا کہ اگر امریکا نے پاکستان کی سرزمین پر حملے کی غلطی کی تو پاکستان کا بچہ بچہ پاک افواج کے شانہ بشانہ ملک کی سلامتی کے لیئے لڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکا پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف نہیں کرتا تو الزامات بھی عائد نہ کرے۔