25 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 6:49
کراچی:برنس روڈ پر پولیس آپریشن ، مبینہ بھتہ خور گرفتار
جنگ نیوز -
کراچی …کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز،سی آئی ڈی اور پولیس کی جانب سے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اِس دوران متعدد افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔رات گئے برنس روڈ کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن کیا گیا ،آپریشن کے دوران جوس سینٹر پر موجود ایک اہم ملزم کو بھی گرفتار کیا گیا ہے،جس کے بارے میں پویس کا دعویٰ ہے کہ اس نے دکانداروں سے بھتہ وصول کیا ہے اور وہ خود بھی اسی مارکیٹ کا دکاندار ہے،پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن برنس روڈ گلی نمبر 6،سبزی والی گلی،ڈی جی سائنس کالج والی گلی کے رہائشی فلیٹس اور خالی گوداموں میں کیا گیا،اس دوران 4 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیاہے۔دوسری جانب رینجرز کی جانب سے سرجانی ٹاوٴن میں سرچ آپریشن کے دوران 5 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا جن سے تفتیش جاری تھی،ملزمان کی نشاندہی پر سرجانی ٹاوٴن میں فور کے چورنگی کے قریب ایک گوٹھ کے خالی پلاٹ سے کھدائی کے دوران وہاں دفن کیاگیا اسلحہ بھی ملا ہے۔پولیس کے مطابق کورنگی چکرا گوٹھ سے گرفتار کئے گئے مبینہ ملزم کی نشاندھی پر کورنگی قبرستان میں چھاپہ مارا گیا،جس کے دوران قبرستان میں چھپایا کیا گیا اسلحہ بھی بر آمد کیا گیا ہے جس میں ایک ایس ایم جی بھی شامل ہے، عوامی کالونی کے علاقے میں پولیس نے مختلف چھاپہ مار کارروائی میں ایک مفرور ملزم سمیت 12 افرادکو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلئے ،سی آئی ڈی پولیس نے بھی مختلف چھاپہ مار کاروائیوں کے نتیجے میں 4 افراد کو حراست میں لے کر بھاری مقدار میں اسلحہ برآمدکرلیا ۔