25 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 17:1
وزیراعظم کے سیاسی قیادت سے رابطے،اے پی سی طلب کرنے کا فیصلہ
جنگ نیوز -
کراچی …پاک امریکا تعلقات میں پیدا ہونے والے تناؤ کے بعد جہاں فوجی قیادت کے اجلاس منعقد ہوئے ہیں وہی پاکستان کی پوری سیاسی قیادت بھی متحرک ہوگئی ہے اور اسی تناظر میں وزیراعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے سیاسی قیادت سے رابطے کیے ہیں اور آل پارٹیز کانفرنس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعظم نے سیاسی جماعتوں کے رہنماوں سے ٹیلی فون پر رابطوں کا آغاز بھی کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیر ا عظم کی جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی ہے۔ وزیر اعظم نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئر پرسن اور صدر مملکت آصف علی زرداری ، مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف، عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی،مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین، جماعت اسلامی کے سربراہ منور حسن، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیداحمد، آفتاب شیر پاؤ،عمران خان، سلیم سیف الله خان،مولانا انس نورانی اور منیراور کزئی سے بھی فون پر بات کی اور انہیں ملک کی موجودہ صوتحال پر اعتماد میں لیا۔جبکہ وزیراعظم نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان کو بھی ٹیلی فون کیا۔ادھر سرکاری ترجمان کے مطابق سیاسی رہنماوٴں نے وزیراعظم کے اقدام کا مثبت جواب دیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کو امریکا سے فوراًطلب کر لیا ہے تاکہ سیاسی صورتحال پر مشاورت کی جاسکے۔