25 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 17:13
الزام تراشیاں امریکی عزائم کی جانب واضح اشارہ ہیں،حامد موسوی
جنگ نیوز -
راولپنڈی…قائد ملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ امریکہ افغانستان میں اپنی پسپائی کا ملبہ پاکستان پر ڈالنا چاہتا ہے۔امریکی الزام تراشیاں اس کے آئندہ عزائم کی جانب واضح اشارہ ہیں ،حکمرانوں کو دو ٹوک فیصلہ کرنا ہوگا استعمار کا ساتھ نبھاناہے یا ذاتِ پروردگار کا بندہ بن کر مادر وطن پاکستان کو بچانا ہے۔استعماری قوتیں پاکستان کے گرد گھیرا تنگ کر چکی ہیں ذلت کی زندگی پر عزت کی موت کو ترجیح د ینے کی راہ کربلاہی نجات اور سرخروئی کا واحد راستہ ہے۔ آزمائش کی گھڑی میں پوری قوم اپنی غیور افواج کا ہراول دستہ ثابت ہوگی ، حکمران سیاستدان بھی ذاتی خول سے باہر نکلیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کراچی ریجن کے صدرسید بدرعلی ترمذی کی زیر سرکردگی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ امریکی سیاست کی روایت رہی ہے کہ ہر امریکی صدر ایک ٹرم پوری ہونے پر دوبارہ انتخابات میں کامیابی کیلئے مہم جوئی کیا کرتے ہیں کبھی ان کا نشانہ ویتنام ‘کبھی شمالی کوریا ‘کبھی افغانستان‘کبھی عراق اور کبھی لیبیا ہوتا ہے،جس کا پہلا قدم جھوٹے الزامات کی بوچھاڑ ہوا کرتا ہے،کبھی مہلک ہتھیار کبھی دہشت گردی اور کبھی انسانی حقوق کی پامالی۔انہوں نے کہا کہ امن کا درس دینے والا امریکہ بتائے کہ موجودہ دنیا میں انسانیت کا سب سے زیادہ قتل عام کس نے کیا ۔انسانی آبادیوں پر ایٹم بم کااستعمال کس نے کیا ؟ابوغریب اور گوانتانامو بے جیلیں کس کے ماتھے کا جھومر ہیں؟۔آقای موسوی نے اس امر پر تعجب کا اظہار کیا کہ فرنٹ لائن کا کردار پاکستان نے ادا کیا لیکن امریکہ بھارت کو چوہدری بنانا چاہتا ہے امریکہ کا یہ خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا ۔علامہ موسوی نے حکمرانوں و سیاستدانوں پر زوردیا کہ وہ آپس کے اختلافات کو چھوڑ کر متحد ہوجائیں،اللہ پر توکل کریں اور یاد رکھیں کہ کلاشنکوفیں اور جدید اسلحہ نہیں لڑتا بلکہ جنگیں ایمان اور عزم سے لڑی اور جیتی جاتی ہیں انشا اللہ وطن عزیزکے بدخواہ ناکام و نامراد ہوں گے۔