25 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 17:27
سعودی عرب میں خواتین کو ووٹ ڈالنے کا حق مل گیا
جنگ نیوز -
ریاض… سعودی عرب میں خواتین کو ووٹ ڈالنے کا حق دے دیا گیا۔ آئندہ ہونیوالے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے سکیں گی۔غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار خواتین کو انتخابات میں حصہ لینے اور ووٹ ڈالنے کا حق دے دیا گیا ہے۔سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ نے شوریٰ کونسل سے خطاب کے دوران خواتین کو ووٹ ڈالنے اور بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے فیصلے کا اعلان کیا۔ان کا کہناتھا کہ آئندہ میونسپل الیکشن میں خواتین بطور امیدوارحصہ لے سکیں گی۔ شاہ عبداللہ نے کہا کہ یہ فیصلہ علما کی مشاورت سے کیا گیا ہے جس کے مطابق سعودی خواتین کوشوریٰ کونسل میں بھی رکن کی حیثیت سے شامل کیاجائے گا۔ان انتخابات کے انعقاد میں دو برس کی تاخیر ہو چکی ہے۔ سعودی عرب میں پہلی بار میونسپل انتخابات 2005 میں ہوئے تھے۔بلدیاتی انتخابات کا دوبارہ انعقاد 2009میں ہونا تھا تاہم ایسا نہ ہوسکا۔ میونسپل کمیٹیوں کے عہدوں کے لیے آدھی نشستوں پر امیدواروں کا انتخاب رائے شماری کے ذریعے ہوتا ہے۔ جبکہ نصف نشستوں پرنامزد امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوجاتے ہیں۔