25 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 17:39
خیبر پختونخوا : ڈینگی بخار سے خاتون جاں بحق، مرنیوالوں کی تعداد 6 ہوگئی
جنگ نیوز -
مردان…پختون خوا میں ڈینگی بخار نے ایک اور گھر اجاڑ دیا جس کے بعد صوبے میں ڈینگی بخار کے بعد انتقال کرنے والوں کی تعداد 6ہوگئی ہے۔مردان سے تعلق رکھنے والی خاتون کو تشویشناک حالت میں لاہور سے مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا جہاں وہ آٹھ گھنٹے بعد خالق حقیقی سے جاملی۔ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ خیبر پختون خوا ڈاکٹر شریف احمد نے جیونیوز کو بتایا کہ خاتون لاہور میں ڈینگی بخار کا شکار ہوئیں جاہں وہ اپنی بیٹی کی عیادت کے لئے گئی تھیں۔ انہیں مردان میڈیکل کمپلیکس میں داخل کرایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکیں۔ خیبر پختون خوا میں ڈینگی بخار سے انتقال کرنے والوں کی تعداد چھ ہوگئی ہے۔اس سے قبل ہری پور میں تین مانسہرہ اور نوشہرہ میں ایک ایک شخص ڈینگی بخار کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھاہے۔خیبر پختون خوا میں ڈینگی کے ہاتھوں جاں بحق ہونے والے تمام کے تمام چھ افراد پنجاب کے ڈینگی سے متاثرہ اضلاع سے یہ مرض اپنے علاقوں لائے۔محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں ڈینگی بخار میں مبتلا افراد کی تعداد 135ہے جن میں سے ستر مریض صوبے کے مختلف علاقوں میں زیر علاج ہیں۔ستر زیر علاج مریضوں میں سے 47افراد ایسے ہیں جنہیں پنجاب سے ڈینگی بخار ہوا۔دوسری طرف صوبائی حکومت کی ہدایت پر صوبے کے تمام بڑے اسپتالوں میں ڈینگی بخار کے علاج کے لئے انتطامات کئے گئے ہیں اور ڈینگی سے بچنے کے لئے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔