25 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:38
کوئٹہ شوریٰ کا کوئی وجود نہیں،عالمی تاثر غلط ہے،اسلم رائیسانی
جنگ نیوز -
کوئٹہ…وزیراعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے کہا ہے کہ کوئٹہ شوریٰ کا کوئی وجود نہیں دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان نے نمایاں کردارا دا کیا ہے اعلامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستا ن نے کہا کہ کوئٹہ شوریٰ کا کوئی وجود نہیں اس ضمن میں بین الاقوامی سطح پر پایا جانے والا تاثر غلط ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت ہر قسم کی دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے اقدامات کررہی ہے پاکستان دہشت گردی کی عالمی جنگ میں فرنٹ لائن اسٹیٹ کا کردار ادا کررہا ہے جس کی وجہ سے بلوچستان سمیت ملک کے مختلف مقامات پر دہشت گردوں کی انسانیت سوز کارروائیاں ہورہی ہیں ،پاکستانی قوم اور پاک فوج نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں جن کا دنیا اعتراف کرتی ہے۔ انہوں نے امریکی حکام کی جانب سے پاکستان پر حالیہ الزام تراشی اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان دہشت گردی کے حوالے سے کچھ غلط فہمیاں ہیں بھی تو الزام تراشی کی بجائے انہیں بات چیت کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے، الزام تراشی سے صورتحال بہتر ہونے کی بجائے مزید خراب ہوسکتی ہے۔