25 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:38
اے پی ایم ایس او ہرلمحہ طلبہ کی رہنمائی کے لیے سرگرمِ رہتی ہے،رضا ہارون
جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن و سابق صوبائی وزیر انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی رضا ہاورن نے کہا ہے طلباء تنظیموں کا بنیادی کام ہے کہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں طلباء کی ہرممکن مدد کریں تاکہ طلباء میں چھپی صلاحیتیں اجاگر ہوسکیں اوراس سلسلے میں اے پی ایم ایس او ملک کی واحد طلبہ تنظیم ہے جو ہرلمحہ طلبہ کی رہنمائی کے لیے سرگرمِ عمل رہتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے پی ایم ایس او کے تحت صادقین لان میں انجینئرنگ کے طلبہ کی داخلوں میں رہنمائی کے لیے منعقد کیے جانے والے ماڈل پری انٹری ٹیسٹ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اے پی ایم ایس او کے سیکریٹری جنرل شبیر علی بابر ، جوائنٹ سیکریٹری سید عدیل صفری ، حق پرست رُکن صوبائی اسمبلی مزمل قریشی اورطلباء و طالبات کے ہمراہ انکے والدین کی بھی بڑی تعداد موجود تھی ۔انھوں نے کہا کہ آج پاکستان بہت سے مسائل میں گھرا ہوا ہے جس کو صرف تعلیم یافتہ باشعور طبقہ ہی نکال سکتا ہے ، قائد تحریک الطاف حسین نے بھی زمانہٴ طالب علمی میں اے پی ایم ایس او بنائی اورباوجود تمام تر مشکلات و پریشانیوں کے اپنی تعلیم کے ساتھ ملک و قوم کی تعمیر اور ترقی کا بیڑہ بھی اُٹھایالہٰذا ہمیں بھی چاہئے کہ تمام دیگر کاموں کے ساتھ اپنی تعلیم پر بھر پور توجہ دیں اور خود کو اس قابل بنائیں کے ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرکے اپنا، اپنے والدین اور ملک و قوم کا نام روشن کرسکیں۔قبل ازیں سیکریٹری جنرل اے پی ایم ایس او شبیر علی بابر نے کہا کہ نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں طلبہ کی معاونت کرنا اے پی ایم ایس او کی اولین ترجیح ہے، اے پی ایم ایس او نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ماڈل پری انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا تاکہ انجینئرنگ یونیورسٹیز میں داخلہ لینے کے خواہشمند طلباء و طالبات کی معاونت اور رہنمائی ہوسکے۔ انھوں نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حُسین کا یہی یقینہے کہ اس ملک و قوم کو صرف طالب علم طبقہ ہی کامیابی کی بلندیوں تک پہنچا سکتا ہے اور طلبہ کسی بھی قوم کی ترقی کی ضمانت ہوتا ہے اور اے پی ایم ایس او نے ہر حالات میں ثابت کیا ہے کہ وہ علم کے بہتر فروغ کی ضامن ہے۔