تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
25 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:38

ظفربلوچ کی مشروط رہائی نے آپریشن کو مشکوک بنادیا ہے، رابطہ کمیٹی

جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ارکان محمدانور، طارق میر، سلیم شہزاد، طارق جاوید ،انیس ایڈوکیٹ ،آصف صدیقی،مصطفی عزیزآبادی، محمد اشفاق اور قاسم علی رضا نے رینجرز کی جانب سے لیاری گینگ وار کے مبینہ بدنام زمانہ دہشت گرد ظفربلوچ کی گرفتاری کے بعد مشروط رہائی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ درجنوں بے گناہ مہاجروں کے سفاک قاتل ظفربلوچ کی مشروط رہائی نے دہشت گردوں اوربھتہ خوروں کے خلاف جاری رینجرز اور پولیس کے آپریشن کو مشکوک اورمتنازعہ بنادیا ہے ۔ ظفربلوچ کی مشروط رہائی کا عمل کھلی دھاندلی اور سراسر ناانصافی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔رابطہ کمیٹی کے ارکان نے کہاکہ پاکستان بھر کے عوام اس حقیقت سے اچھی طرح واقف ہیں کہ ظفر بلوچ نے رمضان المبارک میں بسوں اورمنی بسوں سے درجنوں ملازمت پیشہ مہاجروں کو باقاعدہ شنا خت کرنے کے بعد اغواء کرایا ، اپنی نگرانی میں لیاری میں قائم ٹارچرسیلوں میں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر سفاکی سے انہیں ذبح کردیا۔انہوں نے کہاکہ درندہ صفت ظفر بلوچ کی مشروط رہائی پر کراچی کے عوام میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن پر شکوک وشبہات کا جنم لینا قطعی فطری ہے ۔انہوں نے کہاکہ ظفر بلوچ سے سابق صوبائی وزیرداخلہ ذوالفقار مرزا کا قریبی رابطہ ہے اور ذوالفقار مرزا نے ایم کیوایم کے خلاف اپنی پریس کانفرنس میں مہاجروں کے سفاک قاتل ظفربلوچ کو اپنے برابر میں بٹھاکر پریس کانفرنس کی تھی۔ظفربلوچ نہ صرف ذوالفقار مرزا کے اشارے پر قتل وغارتگری اور دہشت گردی کرتارہا ہے بلکہ ذوالفقار مرزا وزیرداخلہ کی حیثیت میں اور اس کے بعد بھی اس سفاک قاتل کو ہرطرح کی معاونت اور سرپرستی فراہم کرتا رہا ہے۔انہوں نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے اپیل کی کہ وہ درجنوں مہاجروں کے سفاک قاتل ظفر بلوچ کی مشروط رہائی کا ازخود نوٹس لیکر اس عمل کے خلاف کارروائی کرے ا ور کراچی کے پرامن شہریوں کو سفاک قاتلوں کے رحم وکرم پر چھوڑنے کا سلسلہ بند کرائے ۔رابطہ کمیٹی نے انسانی حقوق کی ملکی اور بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ ظفربلوچ کی مشروط رہائی کا فوری نوٹس لیں اور اپنے اپنے ذرائع سے اس ناانصافی کی تحقیقات کریں۔رابطہ کمیٹی کے ارکان نے سچ اور حق لکھنے والے کالم نگاروں ، تجزیہ نگاروں ، صحافیوں اور نشریاتی اداروں کے غیرجانبدار اینکر پرسن سے بھی اپیل کی کہ وہ ظفربلوچ کی مشروط رہائی کا فوری نوٹس لیں اور اس کے خلاف آواز بلند کریں۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.