25 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:38
امریکی الزام تراشی پر سیاسی و مذہبی قوتوں کا سخت ردعمل کا اظہار
جنگ نیوز -
کراچی…امریکا کی جانب سے پاکستان پر الزام تراشی پر ملک کی سیاسی اور مذہبی قوتوں نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خوشی ہے فوجی قیادت نے سخت موقف اختیار کیا،مشکل دور سے نکلنے کیلئے پورے ملک کی سیاسی قیادت اختلاف بھلا کرایک ہوجائے،اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرداخلہ رحمان ملک نے کہا کہ حقانی نیٹ ورک پاکستان نے نہیں سی آئی اے نے بنا یا ہے ، فوج ہر طرح کے حالات پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ وزیر دفاع چودھری احمد مختار کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں، غلط فہمیاں ان قوتوں کوفائدہ دیں گی جواچھے پاک امریکا تعلقات نہیں چاہتے،امیر جماعت اسلامی منور حسن نے صوابی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم امریکی دھمکیوں سے ڈرنے والی نہیں، حقانی نیٹ ورک افغانستان میں ہے، امریکاوہاں کارروائی کیوں نہیں کرتا۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ امریکاپاکستان میں کارروائی اورحملے پہلے بھی کراتارہا ہے،اس معاملے پر پارلیمنٹ کی قراردادوں کونظر انداز کیا گیا،اس لیے یہ وقت دیکھ رہے ہیں، خوشی ہے فوجی قیادت نے سخت موقف اختیار کیا ۔چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ حکومت پاکستان امریکا کے فرنٹ لائن اتحادی کا کردار ختم کردے، جرات مندانہ موقف پیش کرنے پر آرمی چیف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، سربراہ مرکزی جمعیت اہل حدیث سینیٹر ساجد میرکا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود ملکی دفاع کیلئے حکومت سے ہر قسم کا تعاون کریں گے، ملکی دفاع کیلئے کورکمانڈرز میٹنگ کے تمام فیصلوں کی حمایت کرتے ہیں، وزیراعلیٰ ٰبلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے کہا کہ پاکستان پر امریکی الزام تراشی افسوسناک ہے ،سیاسی جماعتیں موجودہ صورتحال میں اختلافات بھلاکرایک ہوجائیں،صدرعوامی نیشنل پارٹی سرحد افراسیاب خٹک نے کہا کہ بات چیت کے دروازے بند نہیں کرنے چاہئیں، پاکستان اپنی پالیسی پر نظرثانی کرے جبکہ صدرعوامی نیشنل پارٹی سندھ شاہی سید نے کہا کہ پاک فوج کیخلاف امریکی بیانات تشویش ناک ہیں ، جارحیت کی گئی تو عوام پاک فوج کیساتھ مل کر بھر پور مزاحمت کریں گے۔