26 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 9:2
سیلاب زدہ علاقوں میں صورتحال مزید خراب، دودھ کی قلت ہوگئی
جنگ نیوز -
کراچی…سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وقت گزرنے کے ساتھ صورتحال بہتر ہونے کے بجائے مزید خراب ہو رہی ہے،مویشیوں کی بڑے پیمانے پرہلاکتوں سے متاثرہ علاقوں میں دودھ کابحران پیدا ہوگیا ہے،ضلع بدین میں متاثرین سیلاب کے لیے وطن کارڈ کا حصول سنگین مسئلہ بن گیا،نادرا کے مراکز پر پولیس اورمتاثرین میں جھڑپیں معمول بن گئی ہیں، مویشیوں کی بڑے پیمانے پرتھرمنتقلی اورہلاکتوں سے شہری علاقوں میں دودھ کی قلت پیدا ہو گئی ہے،سانگھڑمیں ہزاروں مویشیوں کی ہلاکت سے دودھ کی دُکانیں بند ہیں،انتطامیہ کی جانب سے ایم اے جناح روڈ سے پانی کی نکاسی کے لیے مشینیں لگا دی گئی ہیں۔دادوکے متعدد دیہات اورکاچھو کے علاقے کا 16 روزبعد بھی دیگر شہروں سے زمینی رابطہ منقطع ہے، یہاں سیکڑوں بچے پیٹ کے امراض میں مبتلا ہیں، میرپورخاص کے مختلف علاقے 18روز بعد بھی 2 سے 3 فٹ پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں،سیٹلائٹ ٹاوٴن اور سٹی ایریا کو ملانے والاریلوے سب وے برج بھی ٹریفک کے لیے بند ہے،جھڈو ،نوکوٹ اور ٹنڈو جان محمد میں مرکزی شاہراہ زیر آب آنے سے دیگر علاقوں سے رابطہ منقطع ہے۔لاڑکانہ کی بعض آبادیوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے ،نوابشاہ میں بڑی تعداد میں مویشیوں کی ہلاکت کے بعددودھ کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔