26 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 11:23
امریکی صحافی کو روک کر بھارت اپنے مظالم پر پردہ ڈال رہا ہے،علی رضا سید
جنگ نیوز -
پیرس…رضا چوہدری…کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کہا ہے کہ بھارتی حکام کی جانب سے امریکی صحافی ڈیوڈ بارسامیان کو مقبوضہ کشمیرجانے سے روکنا اظہار رائے کی آزادی پر سنگین قدغن لگانے کے مترادف ہے،بھارت اس حرکت سے اپنے مظالم پر پردہ ڈال رہا ہے۔ واضح رہے کہ امریکی مصنف اور ریڈیوصحافی کو جمعے کو نئی دہلی پہنچتے ہی ائرپورٹ سے واپس بھیج دیاگیا۔ کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین نے اپنے بیان میں بھارتی اقدام پرسخت تشویش ظاہرکرتے ہوئے کہاکہ بھارتی حکام کا رویہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور مسلمہ بین الاقوامی اصولوں کے منافی ہے۔ مذکورہ امریکی صحافی اس سے قبل بھی مقبوضہ وادی کا دورہ کرکے متعدد حریت پسند رہنماؤں کے انٹرویو لے چکے ہیں اوراب وہ مقبوضہ کشمیرمیں دریافت ہونے والی بے نام قبروں پر رپورٹ مرتب کرچاہتے تھے۔علی رضاسیدنے کہاکہ بھارت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے اور اب وہ انسانی حقوق کی تنظیموں اور آزادذرائع ابلاغ کو مقبوضہ وادی میں جانے سے روک رہاہے تاکہ اس کے مظالم پر پردہ پڑارہے۔