26 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 20:1
بارش متاثرین کے ساتھ ہیں،تنہاء نہیں چھوڑیں گے، حق پرست ارکان
جنگ نیوز -
میرپورخاص/نوابشاہ…حق پرست اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ڈاکٹرندیم احسان،ریحان ظفراورفہیم الطافی نے میرپورخاص کے مختلف علاقوں کادورہ کرکے بارش سے متاثرہ عوام سے ملاقات کی اور انہیں ایم کیوایم کی جانب سے ہرممکن تعاؤن کایقین دلایا،حق پرست نمائندوں نے خدمت خلق فاؤنڈیشن کی جانب سے جناح ہال میں قائم فیلڈ اسپتال کادورہ کر کے مریضوں کو علاج معالجے کی سہولتوں کاجائزہ لیااورسینکڑوں خاندانوں میں راشن اوردیگرامدادی سامان تقسیم کیا،سب وے برج اور ریلوے پھاٹک پرکھڑے پانی کی نکاسی کے کاموں کواپنی نگرانی میں کروایا۔ اس موقع پر ایم کیوایم میر پور خاص زون کی زونل کمیٹی کے انچارج و ار کان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ حق پرست منتخب عوامی نمائندے خدمت خلق فاؤنڈیشن کی جانب سے جناح ہال میرپورخاص میں قائم فیلڈاسپتال بھی گئے اورزیرعلاج مریضوں کوطبّی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے مریضوں کی عیادت کی ، فیلڈاسپتال میں میڈیکل ایڈکمیٹی کے ڈاکٹرزاورپیرامیڈیکل اسٹاف کے ارکان کوہدایت کیں کہ وہ مریضوں کے علاج معالجے میں کسی بھی قسم کی کوئی کثیرباقی نہ رکھیں۔بعدازاں انہوں نے یونٹ8/Cاوریونٹ3/Bکے بارش زدگان میں راشن بیگ،منرل واٹر کی بوتلیں اوردیگرامدادی سامان بھی تقسیم کیا۔اس موقع پر عوام سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم بارش متاثرین کے ساتھ ہے اورانہیں کسی قیمت پرتنہاء نہیں چھوڑے گی۔انہوں نے کہاکہ قائدتحریک الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے ارکان،منتخب عوامی نمائندوں ،ایم کیوایم کے ذمہ داران وکارکنان اور خدمت خلق فاؤنڈیشن کے رضاکاروں کوسختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ مصیبت زدہ عوام کی بلاامتیازخدمت کو اپنا شعار بنائیں اورمتاثرہ علاقوں میں جاکرنہ صرف عوام کے مسائل حل کریں بلکہ ان کے تباہ حال گھروں کی آبادکاری تک ان کے ساتھ رہیں۔ دریں اثناء اندرون سندھ تنظیمی کمیٹی کے رکن حبیب بلیدی اورنواب شاہ زونل کمیٹی کے زونل انچارج شیرازمسعودنے نواب شاہ سٹی میں قائم خدمت خلق فاؤنڈیشن کے فیلڈ اسپتال کادورہ کرکے علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کاجائزہ لیااورزیرعلاج مریضوں سے ملاقات کرکے ان کی خیریت دریافت کی جبکہ حبیب بلیدی نے جوائنٹ زونل انچارج اشفاق احمداوررکن مرادخان کے ہمراہ قاضی احمدکادورہ کیااورخدمت خلق فاؤنڈیشن کی جانب سے متاثرین میں غذائی اجناس،منرل واٹراوردیگرامدادی سامان تقسیم کیا۔واضح رہے کہ قاضی احمدمیں ہنگامی بنیادوں پرطبّی کیمپ بھی قائم کیاگیاہے جہاں سینکڑوں مریضوں کوعلاج معالجے کی سہولیات اورادویات فراہم کی جارہی ہیں ۔