تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
26 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 20:12

سرکاری زمینوں کو قانونی کارروائی سے خالی کرائیں گے، قائم علی شاہ

جنگ نیوز -
کراچی…منہاج الرب…وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ تمام سرکاری زمینوں اور دیگر املاک کو قانونی کارروائی کے ذریعے قبضوں سے خالی کروایا جائے گااور اس ضمن میں صوبائی حکومت کیجانب سے اینٹی انکروچمنٹ قانون کے تحت خصوصی عدالتوں کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔ اس بات کا اظہار انہوں نے سرکاری زمینوں اور املاک سے قبضہ خالی کرانے کے سلسلے میں پیر کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد کئے گئے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک انتہائی سنجیدہ نوعیت کا معاملہ ہے، جن میں قبضہ مافیہ کے بااثر عناصر کے ملوث ہونے پر بعض اوقات امن و امان کا مسئلہ بھی پیدا ہوتا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ریونیورکارڈ کی چھان بین کے بعد سرکاری زمینوں اور املاک پر قبضے کرنے والوں کے خلاف ریونیو عملے اور پولیس کے ذریعے موثر کارروائی عمل میں لائی جائے اور بوقت ضرورت رینجرز کو بھی طلب کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری زمین عوام کی ملکیت ہے اور یہ بڑی ہمت، قانونی اور اصولی بات ہے کہ اینٹی انکروچمنٹ کمیٹی کی طرف سے قبضے مافیہ اور ناجائز تجاوزت میں ملوث افراد کے خلاف سخت اقدامات کر رہی ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت پچاس ہزار ایکڑ سے زائد قیمتی اراضی پر کئی قبضہ مافیا قانونی طریقے سے قابض ہیں۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ تقریباً چار ہزار ایکڑ زمین واگذار کرائی گئی ہے،جبکہ ملوث132افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ سپر ہائی وے کے دونوں اطراف اکثر مقامات پر لمبی دیواروں کی باؤنڈری اور بکنگ کے دفاترغیر قانونی طور پر موجود ہیں،جن کا لینڈ ریونیو رکارڈ کے تحت سروے اور تخمینہ لگایا جائے۔ انہوں نے تمام غیر قانونی تعمیرات کو گرانے کیلئے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ریونیو عملے اور پولیس کی جانب سے سخت کارروائی کی جائے اور قبضہ گیروں کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی جائے۔سیدقائم علی شاہ نے مزید کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی جانب سے خصوصی ہدایات دی گئی ہیں کہ غریب اور بے گھر لوگوں کو پلاٹ مہیا کئے جائیں۔ اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ اینٹی انکروچمنٹ کمیٹی کو اس مقصد کیلئے اضافی پولیس نفری فراہم کی جائے گی، جبکہ انتہائی ضرورت پڑنے پر انہیں دیگر فورس بھی دی جائے گی۔اس موقعے پر صوبائی وزیر برائے ریونیو جام مہتاب ڈھر، وزیر آبپاشی سیف الله دھاریجو، وزیر اطلاعات شرجیل انجام میمن، چیف سیکریٹری سندھ راجا محمد عباس، سینئر ممبر بورڈ آف روینیو شاذرشمعون،آئی جی پولیس سندھ واجد علی درانی، سیکریٹری ایریگیشن خالد حیدر میمن،سیکریٹری قانون سید غلام نبی شاہ، وزیراعلیٰ سندھ کے سیکریٹری علم الدین بلو، اسپیشل سیکریٹری ڈاکٹر عطا محمد پنہور، ممبر لینڈیوٹیلائزیشن اور دیگر بھی موجود تھے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.