26 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 20:12
آئی جی سندھ امن کپ فٹ بال ٹورنامنٹ:نواب الیون کی کامیابی
جنگ نیوز -
کراچی…شکیل یامین کانگا… ثناء اللہ کی عمدہ کارکردگی کی بدولت آئی جی سندھ امن کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں نواب الیون (ساؤتھ) نے میزبان کراچی اسپورٹس (سینٹرل) کو 5-0 کے بڑے مارجن سے ہرا دیا۔ کھجی گراؤنڈ پر کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کے میچ میں نواب الیون نے ابتداء سے ہی میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی، ثناء اللہ نے مسلسل دو گول کرکے اپنی ٹیم کو 2-0 کی برتری دلا دی۔ محمد اسامہ، عبدالمجید بلوچ اور محمد یوسف نے ایک ایک گول اسکور کیا۔ دریں اثناء پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل (ر) احمد یار خان لودھی نے جنگ سے باتیں کرتے ہوئے آئی جی سندھ امن کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے انعقاد کو خوش آئندہ قرار دیا اور کہا کہ اس طرح مختلف اداروں اور مخیر حضرات کو کھیلوں کی سرگرمیوں کو بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، اس سے نوجوانوں کو مصروف رہنے کا موقع ملے گا اور وہ منفی کارروائی سے بچیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کو بھرپور سپورٹ کیا جائے گا اور مجھ سمیت فیڈریشن کے عہدیدار ٹورنامنٹ کے فائنل میں کراچی آئیں اور یہاں کے تاریخی کھجی گراؤنڈ کا دورہ بھی کریں گے۔