27 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 3:26
طالبان کوئٹہ شوریٰ کونسل ربانی قتل میں ملوث ہوسکتی ہے، افغان انٹیلی جنس
جنگ نیوز -
کابل. . . .. . . . افغانستان کی انٹیلی جنس ایجنسی نے سابق صدر برہان الدین ربانی کے قتل کی سازش میں طالبان کوئٹہ شوریٰ کونسل کے ملوث ہونے کا امکان ظاہر کردیا۔ افغان نیشنل ڈائریکٹریٹ آف سیکیورٹی کے نائب سربراہ ضیاء نے کابل میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ گزشتہ ہفتے برہان الدین ربانی پر قاتلانہ حملے میں ایک اہم ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے جو افغان باشندہ ہے۔ ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ سابق افغان صدر برہان الدین ربانی کے قتل کی سازش ، سرحد پار ہوئی۔ افغان عہدیدار کا کہنا تھا کہ اس بارے میں تفصیلات جلد عوام کے سامنے لائی جائیں گے۔ انھوں نے شبہہ ظاہر کیا کہ طالبان کی کوئٹہ شوریٰ کونسل برہان الدین ربانی کے قتل میں ملوث ہوسکتی ہے۔ نائب سربراہ کا کہنا تھا کہ افغان انٹیلی جنسی ایجنسی سابق صدر کے قتل کی تحقیقات سرحد پار کرانے کیلئے صدر حامد کرزئی کو بھی اپنی سفارشات پیش کریگی۔