27 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 7:30
چین نے شدت پسند تنظیموں کی معلومات پاکستان کو فراہم کر دیں
جنگ نیوز -
اسلام آباد… چین نے سنکیانگ میں شدت پسند تنظیموں کے بارے میں معلومات پاکستان کو فراہم کردیں۔چینی نائب وزیراعظم مینگ جیان ژو کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں نے خطے کی سیکیورٹی پر ایک دوسرے کو اعتماد میں لینے پر اتفاق کیا ہے ،جبکہ وزیرداخلہ رحمان ملک کا کہنا ہے کہ سنکیانگ میں چلنے والی اسلامی موومنٹ کے دہشت گردوں سے سختی سے نمٹیں گے ۔ چین کے نائب وزیراعظم مینگ جیان ژو نے وزیرداخلہ رحمان مک سے وزارت داخلہ میں مذاکرات کئے۔ذرائع کے مطابق مذاکرات کے دوران چین کے نائب وزیراعظم نے وزیرداخلہ کو سنکیانگ میں شدت پسند تنظیموں کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔بعد میں میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے چین کے نائب وزیراعظم مینگ جیان ژو نے کہا کہ چین ، پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تربیت کے لئے ایک ملین یوآن دے گا۔انہوں نے بتایا کہ دونوں ملکوں نے خطے کی سیکیورٹی پر ایک دوسرے کو اعتماد میں لینے پر اتفاق کیا ہے۔چینی نائب وزیراعظم نے کہا کہ آج کے مذاکرات کامیاب رہے ہیں۔چین اور پاکستان سچے اور گہری دوست ہیں۔اس موقع گفت گو کرتے ہوئے وزیرداخلہ رحمان ملک نے کہا کہ چین کا دشمن پاکستان کا دشمن ہے۔انہوں نے کہا کہ ازبک اور سنکیانگ میں چلنے والی اسلامی موومنٹ کے دہشت گردوں سے سختی سے نمٹیں گے، وزیرداخلہ نے کہا کہ پاکستان اور چین آپس کے تعلقات بڑھانے کے لئے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین نے پہلے بھی مشکل حالات میں پاکستان کا ساتھ دیا اور اب بھی مدد کرنے پراس کے شکرگزار ہیں۔