تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
27 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 11:28

مائیکل جیکسن کے ذاتی معالج کے خلاف مقدمہ کی کارروائی شروع

جنگ نیوز -
لاس اینجلس …جنگ نیوز…مشہور امریکی پاپ گلوکار آنجہانی مائیکل جیکسن کے ذاتی معالج ڈاکٹر کونارڈ میورے کے خلاف مقدمہ کی کارروائی شروع کر دی گئی۔ ڈاکٹر میورے پر الزام ہے کہ انہوں نے مائیکل جیکسن کو ضرورت سے زائد بے ہوشی کی دوا پروفول دی جس سے دو سال قبل مائیکل جیکسن کی موت واقع ہو گئی۔ ڈاکٹر میورے کے خلاف مقدمے کی کارروائی کیلئے 7 مرد ججز اور 5 خواتین ججز کی جیوری قائم کی گئی ہے۔ لاس اینجلس سپیریئر کورٹ میں مقدمہ کی کارروائی 5 ہفتے جاری رہے گی۔ 58 سالہ میورے پر الزامات ثابت ہو گئے تو اسے 4 سال قید ہو سکتی ہے۔ مقدمہ کی کارروائی دو مرتبہ ملتوی کی گئی۔ ڈاکٹر میورے کا مؤقف ہے کہ وہ جیکسن کو پروفول دے رہا تھا تاہم اس نے مائیکل جیکسن کی موت کے دن اس کو معمول کے مطابق پروفول دینے کے بعد اسے اکیلے نہیں چھوڑا تھا بلکہ مائیکل جیکسن نے اس کی مختصر غیرموجودگی میں خود ہی اضافی دوا استعمال کر لی تھی۔ مقدمہ کی کارروائی ٹیلی ویژن پر براہ راست ٹیلی کاسٹ کی جائے گی تاہم ججز نے مقدمہ کی کارروائی کی ریکارڈنگ پر اعتراض کیا ہے۔ مقدمہ کے پہلے روز عدالت کے اندر اور باہر سخت سیکورٹی انتظامات کئے گئے۔ یاد رہے کہ مائیکل جیکسن نے ڈاکٹر میورے کو ڈیڑھ لاکھ ڈالر ماہانہ مشاہرہ پر اپنا معالج مقرر کر رکھا تھا۔ فروری 2010ء میں میورے نے اپنے اوپر الزامات عائد ہونے کے بعد 75 ہزار ڈالر میں ضمانت کرا لی تھی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.