27 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:40
ملتان:طیارے کے دو جنریٹرز ناکارہ ،ائیرپورٹ پر مسافر پریشان
جنگ نیوز -
ملتان…اسلام آباد سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پر واز جوکہ تکنیکی خرابی کے باعث اس وقت ملتان ائیرپورٹ پر موجود ہے کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ جب وہ اسلام آباد سے روانہ ہوا تھا تو اسکے تین میں سے صرف دو جنریٹرز چل رہے تھے،لیکن اسکے باوجود مسافروں کی جان کو مبینہ طور پر خطرے میں ڈال کر طیارے کو کراچی کی جانب روانہ کیا گیاتاہم ملتان کے قریب جب اسکا مزید ایک اور جنریٹر خراب ہواتو طیارے کا جھکاؤ بائیں جانب ہونے لگا جس پر طیارے کو ایمرجنسی میں ملتان ائیرپورٹ پر اتاردیاگیا۔دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماء قمر منصور کے مطابق واقع کے بعد سے طیارے میں سفر کرنے والے 119 مسافر ائیرپورٹ پر بیٹھے ہیں جن کا انکے مطابق کوئی پرسان حال نہیں۔ ان میں پیپلز پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ نواب وسان ،فوزیہ وہاب کے علاوہ ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے ایم این ایز وسیم اختر،خواجہ سہیل منصور، سید طیب حسین اور عبدالوسیم جبکہ رکن رابطہ کمیٹی واسع جلیل اور وہ خود(قمر منصور)شامل ہیں، انکے مطابق کچھ دیر قبل وزیراعظم کے صاحبزادے،ڈی سی او اور کمشنر ملتان ائیرپورٹ پر آئے تاہم انکی ساری توجہ طیارے کے 119مسافروں کے بجائے صرف پی پی رہنماؤں کی جانب تھی، انھوں نے کہا کہ ایم کیوایم کے ارکان پارلیمنٹ اوررہنماء اس وقت بھی پریشان حال مسافروں کے لیے کھانے پینے اور انکے دیگر انتظامات کے حوالے سے انتظامیہ سے رابطے کررہے ہیں، تاکہ انھیں مزید پریشانیوں سے بچایا جاسکے۔