27 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:7
پاک چین دوستی کو دنیا کیلئے مثال بنائیں گے، صدر زرداری
اے آر وائی - صدرآصف علی زرداری نے کہاہے کہ پاک چین مثالی دوستی کواکیسویں صدی کی مثالی پارٹنرشپ میں تبدیل کرنا دونوں ممالک کیلئے ایک نادرموقع ہے۔
چین کے قومی دن کے موقع کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرزرداری کاکہناتھا کہ پاکستانی قوم قومی دن کے موقع پراپنے چینی بہن بھائیوں کودل کی گہرائی سے مبارکبادپیش کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ترقی کی انتہائی اہم منازل مثالی انداز میں طے کرکے چین نے دنیاکوایک بہترین نمونہ پیش کیا۔ صدرزرداری نے یکم اکتوبر انیس سوانچاس چین کی تخلیق کودنیا کیلئے ایک عظیم معجزہ قراردیا۔
انھوں نے کہا کہ زندگی کے ہرشعبے میں چین نے ریکارڈ پیش رفت دکھائی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کی بنیادقائد عوام ذوالفقارعلی بھٹو نے رکھی۔اس دوستی پروان چڑھانے میں شہید بی بی محترمہ بے نظیربھٹو نے اہم کرداراداکیا۔ صدرنے کہا کہ دونوں دوست ممالک ہرقسم کی صورتحال کاسامنا کرنے کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔