27 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:5
کارکنان پیغام حق پرستی کو زیادہ سے زیادہ طلبہ تک پہنچائیں،شبیربابر
جنگ نیوز -
کراچی…ے پی ایم ایس او کے سیکریٹری جنرل شبیر علی بابر نے کہا ہے کہ اے پی ایم ایس او کے تمام کارکنان قائد تحریک الطاف حسین کی ہدایات پر عمل پیرا رہیں اور تنظیمی سرگرمیوں کے ساتھ اپنی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دیں۔ان خیالات کا اظہارانھوں نے سیکٹر ڈی کے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مرکزی فنانس سیکریٹری نعمان سمیع، سیکٹر ڈی کے آرگنائزر و اراکین سیکٹر کمیٹی اور ذمہ داران و کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔شبیر علی بابر نے کہا کہ دنیا میں وہی قومیں کامیابی حاصل کرتی ہیں جوتعلیم کے زیور سے خود کو آراستہ کرتی ہیں، اگر ہمیں اپنے بھی کامیابیوں کے مراحل طے کرنے ہیں تو خود کو تعلیم کے سانچے میں ڈھالنا ہوگا۔انھوں نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین اپنے ہر خطاب میں کہتے ہیں کہ طلباء اور نوجوان طبقہ ہی پاکستان کو درپیش مسائل سے باہر نکالنے میں کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے کیونکہ طلباء میں وہ طاقت ، عزم اور پختہ ارادے موجود ہوتے ہیں جو کسی بھی مقصد کو پورا کرنے کیلئے کافی ہوتی ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کو بچانے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے طلباء کو بلا تفریق مل کر جدوجہد کرنا ہوگی اوراس مقصد کے لیے اے پی ایس او ملک کی وہ واحد طلباء تنظیم ہے جو ملک کی تمام لسانی اکائیوں کے اتحاد کی عکاسی کرتی ہے اور طلبہ و طالبات کی علمی و ادبی معاونت کیلئے ہر دم انکے ساتھ موجود رہتی ہے۔انھوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہمیں اپنے اتحاد کو ہر سطح پر مضبوط بنانا ہوگا اور اپنے کردار و گفتار سے یہ ثابت کرنا ہوگاہم قائد تحریک الطاف حسین کے کارکن ہیں۔انھوں نے کہا کہ اے پی ایم ایس او طلباء کو وہ پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے جہاں سے وہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے منظم ہوکر جدوجہد کر سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہمیں اپنے اتحاد اور اپنے قائد پر اعتماد کو قائم رکھنا ہوگا اور جو توقعات قائد تحریک کو نوجوان طبقے بالخصوص اے پی ایم ایس او کے کارکنان سے ہیں اُس پر پورا اُترنے کی کوشش جاری رکھنی ہوگی۔آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم خود کو مکمل طور پر تنظیمی سانچے میں ڈھال لیں۔بانیء و قائد تحریک الطاف حُسین نے ہمیں جو درس دیا ہے اُس پر عمل کرتے ہوئے تعلیمی میدان میں کامیابی حاصل کرنی ہے تاکہ ہم زندگی کے کسی شعبے میں بھی ہوں اس قوم کی خدمت کر سکیں۔