27 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:5
لاہور میں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ 14گھنٹے تک پہنچ گئی
جنگ نیوز -
لاہور…ملک بھر میں ایک بار پھر بجلی کے بحران نے حشر برپا کر دیا ،صرف لاہور شہر کا شارٹ فال 1300 میگاواٹ اور بجلی کی غیر اعلانیہ بندش 14 گھنٹے تک پہنچ گئی،شہریوں کو دن میں چین ہے نہ رات کو سکون ، بجلی کابحران تو چل ہی رہا ہے۔ لیکن اب لاہور شہراس کی مکمل گرفت میں آ گیا ہے، صنعتی کمرشل اور گھریلو صارفین کے لئے زندگی عذاب بن کر رہ گئی ہے پیپکو کی طرف سے لوڈشیڈنگ کا اعلان تو 5 گھنٹے کا کیا گیا لیکن عملی طور بجلی آ تی ہی پانچ گھنٹے ہے، اس صورتحال سے شہری مچھروں کا بھی زیادہ شکار بن رہے ہیں۔لوڈشیڈنگ سے مارکیٹوں میں کاروبار بھی ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے بجلی باربار ٹرپ کر جاتی ہے 15 منٹ آتی ہے تو 2 سے تین گھنٹوں کیلئے غائب ہو جاتی ہے دکان دار پریشان اور گاہک غائب ہیں ، فیکٹریوں میں بھی یہی حال ہے۔پیپکو اور وزارت پانی و بجلی حکام مکمل خاموش ہیں۔شاید ان کے پاس کہنے کو کچھ نہیں رہا ،ماہرین کا کہنا ہے کہ ان حالات میں ملک بھر میں مساوی بنیادوں پر لوڈشیڈنگ کرنا چاہیئے وگرنہ لوگ سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو جائیں گے۔