27 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:5
آفاق احمددوعدالتوں سے رہا،سندھ ہائیکورٹ میں زرِضمانت جمع نہ ہوسکا
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی کی دو عدالتوں نے مہاجرقومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ آفاق احمدکی رہائی کے احکامات جاری کردیئے جبکہ سندھ ہائیکورٹ میں زر ضمانت جمع نہ کرائے جانے کے باعث ان کی رہائی کاحکم نامہ جاری نہ ہوسکا۔گزشتہ روزسندھ ہائیکورٹ نے عتیق الرحمان قتل کیس میں آفاق احمدکی دس لاکھ روپے کی ضمانت منظور کی تھی۔ٹرائل کورٹ میں آفاق احمد کی جانب سے پانچ پانچ لاکھ روپے کے سیونگ سرٹیفکیٹ جمع کرانے کے بعدایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج شرقی نے ان کی ضمانت پر رہائی کے احکامات جاری کردیئے۔قتل کے ایک اور مقدمے میں ملیرکی عدالت نے بھی آفاق احمد کی رہائی کے احکامات جاری کردیئے۔ آفاق احمد کے وکیل کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں فاروق قتل کیس میں سزا کے خلاف اپیل میں پانچ لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے بعدہائی کورٹ سے بھی رہائی کے احکامات جاری کردیئے جائیں گے۔