27 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:40
امریکی جارحیت پر لیاری کے عوام منہ توڑ جواب دینگے،شاہد رحمان
جنگ نیوز -
کراچی…پیپلز پارٹی ساوٴتھ کے سابق جنرل سیکریٹری ظفر بلوچ، اور لیاری سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماؤں شاہد رحمان، شکور شاد، فہیم بلوچ اور دیگر نے کہا ہے کہ لیاری کے عوام محب وطن ہیں اور اگر امریکہ نے پاکستان پر غلط نظر ڈالی تو اس کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے لیاری کا ایک ایک فرد اپنی جان داؤ پر لگا دیگا، حکومت اور پاک فوج امریکی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں قائم امریکی سفارتخانے فوری طور پر بند کرکے ان کے سفارتکاروں کا ملک بدر کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاری سے پاک فوج کی حمایت میں نکالی جانے والی بہت بڑی ریلی کے شرکاء سے امریکی قونصل خانے کے باہر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں لیاری کے مختلف علاقوں سے ہزاروں کی تعداد میں خواتین، بچوں، نوجوانوں اور بزرگوں کے قافلے فٹبال اسٹیڈیم لیاری پر جمع ہوئے اور وہاں سے ریلی کی صورت میں لی مارکیٹ، ٹاور سے ہوتے ہوئے مائی کلاچی روڈ پر واقع امریکی قونصل خانے کے باہر پہنچے اس موقع پر پولیس کی جانب سے قونصل خانے تک جانے والے راستوں کو بند کردیا گیا تھا تاہم ریلی کے قائدین سے مذاکرات کے بعد رکاوٹوں ہٹا دیا گیا اور ریلی کے شرکاء قونصل خانے کے سامنے جمع ہوگئے، اس موقع پر شرکاء نے امریکی پرچم اور امریکی صدر کا پتلا بھی نظر آتش کیا اور امریکی جارحیت کے خلاف نعرے بازی کی۔ ریلی کے قائدین نے ایک یادداشت بھی قونصل خانے کے ذمہ دار کے حوالے کیا۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے شاہد رحمان نے کہا کہ امریکا کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی دھمکیوں کے خلاف پوری قوم یکجا ہے، لیاری کے عوام نے آج کراچی میں عظیم الشان ریلی نکال کر اس بات کا ثبوت دے دیا ہے۔ ظفر بلوچ نے کہا کہ ہم پاک فوج کو اس بات کی یقین دہانی کراتے ہیں کہ لیاری کا ایک ایک بچہ اپنے وطن کی حفاظت میں اپنی جان کا نذرانہ دینے کو تیار ہے۔