28 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 11:29
جاپان میں جوہری بحران سے سیاحت کا شعبہ بری طرح متاثر
جنگ نیوز -
ٹوکیو…جنگ نیوز…جاپان میں فوکوشیما جوہری حادثہ کے بعد سیاحت کا شعبہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔ سیاحوں نے تابکاری ذرات کے خوف سے سیاحتی مقامات کا رخ کرنا چھوڑ دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان میں فوکوشیما جوہری حادثہ کے بعد جاپانی سیاحتی مقام مٹسوشیما میں سیاحت کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا ہے۔ اس واقعہ سے قبل مٹسوشیما میں اس موسم میں سیاحوں کا اژدہام ہوتا تھا۔ ہوٹلوں میں کمرے حاصل کرنا جوئے شیر لانے کے برابر تھا لیکن اب وہاں ہوٹل خالی پڑے ہیں۔ سیاحتی مقام ویرانی کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ سیاح تابکاری اثرات کے خوف سے یہاں کا رخ نہیں کر رہے جس کی وجہ سے بدترین معاشی صورتحال کا سامنا ہے۔ مٹسوشیما ٹورسٹ ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کاجی فوکو نے کہا ہے کہ عام حالات میں یہاں پر 37 لاکھ سیاح آتے ہیں لیکن اب 20 لاکھ سیاح بھی آجائیں تو بہتر ہے۔