28 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 11:29
پاک ایران وزراء خارجہ ملاقات، خطے میں امن کیلئے مل کر کام کرنیکا عزم
جنگ نیوز -
اقوام متحدہ…جنگ نیوز…پاک ایران وزراء خارجہ ملاقات میں خطے کے امن و استحکام کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔ پاکستانی وزیرخارجہ حنا ربانی کھر اور ان کے ایرانی ہم منصب علی اکبر صالحی کے درمیان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 66ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں خطہ کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آدھ گھنٹہ تک جاری رہنے والی اس ملاقات میں پاکستانی وزیر خارجہ نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے ایران کی طرف سے امداد پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ایرانی وزیر داخلہ مصطفی نجار کے دورہ پاکستان اور متاثرین سیلاب کیلئے امدادی سامان کی کھیپ ساتھ لانے پر بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ کو مقررہ مدت 2014ء تک مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور ایرانی ہم منصب کو بتایا کہ پاکستان میں اس منصوبہ پر کام متعین ہدف کے مطابق جاری ہے۔ دونوں رہنماؤں نے 100 میگاواٹ کے گوادر پاور سپلائی منصوبے، بندر عباس میں نیا پاکستانی قونصلیٹ کھولنے اور دیگر منصوبوں کی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔