28 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 11:51
فلپائن میں طوفان بادوباران نے تباہی مچادی، 16افراد ہلاک
جنگ نیوز -
منیلا…جنگ نیوز…فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں”نیساٹ“ طوفان اور شدید بارش کے بعد سیلاب سے 16افراد ہلاک ، درجنوں لاپتہ اور لاکھوں شہری بے گھر ہوگئے،ہزاروں درخت، بجلی کے پول اکھڑگئے، شہر میں بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا، پروازیں منسوخ کردی گئیں،فلپائنی اسٹاک ایکس چینج اور امریکی سفارت خانہ بند کردیا گیا ۔بدھ کو غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں”نیساٹ“ طوفان اور شدید بارش کے باعث آنیوالے سیلاب نے تباہی مچادی ، مختلف علاقوں میں 16افراد ہلاک ، درجنوں لاپتہ اور لاکھوں شہری بے گھر ہوگئے جبکہ لاکھوں بے گھر ہوگئے ۔دارالحکومت میں بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا، فلپائنی اسٹاک ایکس چینج اور امریکی سفارت خانہ بند کردیا گیا ۔بارش سے قبل طوفان آتے ہی فلپائن کے مرکزی صوبہ ایلبے میں حکام نے ایک لاکھ افراد کو علاقہ خالی کرنے کا حکم دے دیا تھا، اس سے قبل صوبے کے مختلف علاقوں سے ایک لاکھ سے زیادہ افراد پہلے محفوظ مقامات پر منتقل ہوچکے تھے۔اطلاعات ہیں کہ طوفان فلپائن سے گزرتا ہوا جمعرات کو جنوبی چین سے ٹکرائے گا۔117 کلومیٹر کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں فی الوقت لوزن نامی جزیرے سے گزر رہی ہیں جہاں فلپائن کی آدھی سے زیادہ آبادی مقیم ہے۔منیلامیں شدید بارش کے باعث بیشتر سڑکیں زیر آب ہیں اور متعدد فلائٹیں منسوخ کردی گئی ہیں۔