تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
28 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 17:24

پاک امریکا تعلقات میں کشیدگی پر آل پارٹیز کانفرنس کل ہوگی

جنگ نیوز -


اسلام آباد… پاک، امریکا کشیدگی اور امریکی الزامات کی بوچھاڑ کے بعد آل پارٹیز کانفرنس کل ہونے جا رہی ہے جس میں میاں نواز شریف سمیت تمام قومی جماعتوں کے 58رہنما ، آرمی چیف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی بھی شرکت کر رہے ہیں۔ وزیر خارجہ اور ڈی جی آئی ایس آئی داخلہ اور خارجہ امور پربریفنگ دیں گے۔پاک امریکاتعلقات میں بلندیوں کو چھوتی ہوئی سردمہری اور بداعتمادی کی فضا نے ایک مرتبہ پھر دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوانتہائی قریبی اسٹریٹجک پارٹنرز کو ایک دوسرے کے سامنے لاکھڑاکیاہے۔ ایسے میں آل پارٹیز کانفرنس اسلام آباد میں ہورہی ہے جس کا مقصد قومی خود مختاری اور وقار کے تحفظ کے لیے مشترکا حکمت عملی کی تیاری کے لیے مشاورت کرنا ہے۔سب سے بڑی اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف ،قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار،مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین ،ایم کیوایم کے مرکزی رہ نما حیدر عباس رضوی ، جے یو آئی ف کے قائد مولانافضل الرحمان، عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید احمد ، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ، جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن سمیت 45 سے زائد قومی سیاسی جماعتوں کے 58رہ نما کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل خالد شمیم وائیں کانفرنس میں فوجی قیادت کی نمائندگی کریں گے، سرکاری ذرائع کا کہناہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی جنرل احمد شجاع پاشا ملکی اور خطے کی سیکیورٹی سمیت پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے امور پر بریفنگ دیں گے جبکہ دورہ امریکاسے وطن واپس پہنچنے کے فوری بعد وفاقی وزیرخارجہ حنا ربانی کھر آل پارٹیزکانفرنس کو موجودہ خارجہ پالیسی،امریکا کے ساتھ سفارتی رابطوں اور خطے میں پاکستان کی حکمت عملی پر بریف کریں گی۔ موجودہ حکومت کی جانب سے بلائی جانے والی یہ تیسری آل پارٹیز کانفرنس ہے۔ اس سے پہلے 2دسمبر 2008 کو ممبئی حملوں کے بعد قومی موقف کی تیاری کے لیے اے پی سی بلائی گئی تھی جبکہ دوسری مرتبہ18مئی 2009 کو دہشت گردوں کے خلاف سوات آپریشن پر اتفاق رائے کے لیے اس کا انعقاد کیاگیا تھا۔ پہلی دونوں کانفرنس ان کیمرا تھیں۔امریکی فوج کے سربراہ مائیک مولن کہتے ہیں کہ پاکستان کے ساتھ پہلے جیسے تعلقات اب ممکن نہیں، پاکستان کے بڑے امریکا کو کیا جواب دیتے ہیں اس کا فیصلہ آل پارٹیز کانفرنس کے بعد ہی سامنے آ سکے گا۔



.


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.