28 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 17:29
ملکی سا لمیت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، وزیراعظم گیلانی
جنگ نیوز -
پشاور… وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہم ملک کی سا لمیت کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، قوم و ملک کی حفاظت کرنا جانتے ہیں اور ہمیں کسی سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔تمام سیاسی جماعتیں پارٹی سیاست سے بالا تر ہوکر ملک کی بقا کے لئے ایک ہو جائیں۔ وہ پشاور ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی کا کہنا تھا کہ تمام پارٹیوں کو ملک کی بقاء کیلئے یکجا ہو جانا چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں صوبائی خود مختاری دی گئی جس سے صوبوں کے وسائل میں نمایاں اضافہ ہوا۔ وزیر اعظم گیلانی نے کہا کہ آج کوئی سیاسی قیدی نہیں اور نہ ہی کسی سے سیاسی انتقام لیا گیاہے۔ جبکہ 73 کا آئین اصل شکل میں بحال کیاجاچکا ہے۔ اسی طرح چیف جسٹس کے گھر پر جھنڈا لہرا کرشہید بے نظیر بھٹو کا وعدہ پورا کیا ۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کیلئے وکلاء نے گراں قدر خدمات انجام دی ۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے پشاور میں انفارمیشن ٹیکنالوجی یونی ورسٹی کے قیام اور پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی کیلئے 5کروڑ روپے کا اعلان بھی کیا۔