تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
28 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 17:40

عازمین حج پرنئی پابندیاں،صرف تین ائیر لائن مقرر کردی گئیں

جنگ نیوز -


اسلام آباد…حکومت پاکستان نے عازمین حج پر نئی پابندیاں عائد کردیں ہیں ، پاکستانی حاجی اس سال صرف پی آئی اے ، شاہین ایرلائن اور سعودیہ ایرلائن کیذریعہ ہی حج پر جاسکیں گے۔ یہ پابندی عین اس وقت لائی گئی ہے جب حج پروازیں شروع ہونے میں صرف دو دن رہ گئے ہیں ، ہزاروں عازمین حج پہلے ہی غیرملکی ایرلائنز کے ٹکٹ خرید چکے ہیں۔ جیونیوز کے نمائندے طارق ابوالحسن کے مطابق ایف آئی اے حکام نے وزارت دفاع کے ایک نوٹیفیکیشن کا حوالہ دیتے ہوئے ائیرپورٹس پر موجود اپنے امیگریشن اسٹاف کو ہدایت کی ہے کہ عازمین حج کو صرف پی آئی اے ، شاہین ایرلائنز اور سعودیہ ایرلائن کے زریعہ ہی سفر حج کی اجازت ہے ، غیرملکی ایرلائنز کے زریعہ پاکستانیوں کو سفر حج پر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مزید ہدایت ہے کہ غیرملکی ائیرلائن کا ٹکٹ رکھنے والے عازم حج کو آف لوڈ کردیا جائے۔ وزارت دفاع کے نوٹیفکیشن کے مطابق یہ پابندی پاکستان سعودی عرب ائیرسروس ایگریمنٹ کے تحت لگائی گئی ہے۔ دوسری جانب ہزاروں پاکستانی عازمین حج نے خلیجی ایرلائنز سمیت کئی غیرملکی ایرلائنز کے ٹکٹ خرید رکھے ہیں ، مختلف ٹریول ایجنٹس نے رابطہ کرنے پر جیو نیوز کو بتایا کہ انھوں نے بڑی تعداد میں عازمین حج کو غیرملکی ایرلائنز کے ٹکٹ جاری کئے ہیں ، ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر یحی پولانی کا کہناہے کہ ان کے اس بارے میں کوئی ہدایت نہیں کہ عازمین حج کو غیرملکی ائیرلائن کے ٹکٹ فروخت نہ کریں ، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی کہا ہے کہ انہیں اس پابندی کی کوئی اطلاع نہیں ، تاہم ائیرپورٹ پر تعینات امیگریشن حکام نے تصدیق کی کہ انہیں ہدایت مل گئی ہے۔یہ پابندی عازمین حج کیلئے ایک نئی آزمائش بن گئی ہے پی آئی اے کے پاس طیارے کم ہیں شاہین ائیر اور سعودی ایرلائنز پر نشستوں کی تعداد محدود ہے ، پرائیوٹ حج گروپس میں سفر حج پر جانیو الے پاکستانیوں کو عین وقت پر کس ائیرلائن میں جگہ ملے گی۔




متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.