تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
28 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 17:40

صدر اور وزیراعظم پی آئی اے معاملات کا فوری نوٹس لیں، رابطہ کمیٹی

جنگ نیوز -


کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے پاکستان ایئر لائن (PIA)کے مسا فر طیاروں کی آئے دن خرابی کے باعث ہنگامی لینڈنگ کے واقعات پر گہری تشویش کااظہار کیا ہے اور پی آئی اے میں بد ترین صورتحال کے باعث مسافر پروازوں کی منسوخی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ پی آئی اے قومی اثاثہ ہے اور اس ادارے میں مسافر طیاروں کی تسلسل کے ہنگامی لینڈنگ اور مسافر پروازوں کی منسوخی کے واقعات نے بد ترین صورتحال اختیار کرلی ہے جس کے سبب ملک بھر کے عوام اور کاروباری طبقہ شدید پریشانی میں مبتلا ہے جبکہ ہنگامی لینڈنگ کے واقعات سے مسافروں میں اپنی زندگی کے حوالے سے شدید تحفظات پائے جارہے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ پی آئی اے کے مسافر طیاروں کی ہنگامی لینڈنگ کے واقعات روز کا معمول بن گئے ہیں اور یہ صورتحال نہ صرف خود پی آئی اے انتظامیہ بلکہ مسافروں کی زندگیوں کے حوالے سے انتہائی تشویشناک ہے اور ان کی جانب سے پی آئی اے کے مسافر طیاروں میں سفر کرنا غیر محفوظ تصور کیا جانے لگا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ پی آئی اے میں ہیومن ریسورسز کو جاب پر لگایاجارہا ہے جبکہ حج آپریشن میں بھی صرف تین روز رہ گئے ہیں تاہم پی آئی اے کی اس حوالے سے بھی کوئی کارکردگی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ پی آئی اے کی انتظامیہ کی جانب سے مسافر طیاروں کی ہنگامی لینڈنگ اور پروازوں کی منسوخی کے واقعات کو سنجیدگی سے نہیں لیاجارہا ہے اور اسی وجہ سے ملک کا قومی اثاثہ تنزلی کی جانب مائل ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے مطالبہ کیا کہ پی آئی اے کے مسافر طیاروں کی ہنگامی لینڈنگ اور پروازوں کی منسوخی کے واقعات کا سختی سے نوٹس لیاجائے ، ان واقعات کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی جائے اورپی آئی اے میں بد ترین صورتحال کے ذمہ داروں کا تعین کرکے سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.