28 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 17:51
لاہور میں امریکا کیخلاف ریلی، شہریوں اور تاجروں کی شرکت
جنگ نیوز -
لاہور… لاہور کے عام شہریوں اورتاجروں نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف مہم جوئی سے باز رہے ،اگراس نے کوئی کارروائی کی تو پوری قوم مسلح افواج اورحکومت کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی دیوار بن جائے گی ۔لاہورمیں وابستگان سندر شریف کے زیراہتمام نکالی جانیوالی ریلی ایمپریس روڈ سے ہوتی ہوئی امریکی قونصلیٹ کے باہرپہنچ کر احتجاجی مظاہرے میں بدل گئی، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سجادہ نشین حبیب عرفانی چشی کا کہنا تھا کہ امریکی حملے کی صورت میں عوام مسلح افواج اور حکومت کی پشت پر کھڑی ہو گی،لاہور کی تاجر تنظیموں نے بھی امریکی جارحیت کے سامنے ڈٹ جانے کا عزم ظاہرکیا ۔ قومی تاجر اتحاد کے جنرل سیکرٹری نذیر چوہان ، انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی اور آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر خالد پرویز نے الگ الگ پریس کانفرنس میں کہا کہ اب امریکا سے ڈرنے اور جھکنے کا وقت گزر گیا ہے تاجر حکومت اور فوج کے ساتھ ہیں ، امریکی مصنوعات کا بائیکاٹ بھی کرنا ہو گا۔