29 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 10:14
پیپلز پارٹی بلوچستان کے ساتھ زیادتی کر رہی ہے، نیشنل پارٹی
جنگ نیوز -
کوئٹہ…نیشنل پارٹی کے رہنما ء ڈاکٹر عبدالمالک نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہیں کرے گی اگر پیپلز پارٹی کی حکومت کارویہ بلوچستان کے ساتھ نہ بدلہ تو ہم اپوزیشن میں بھی نہیں رہیں گے ۔ سینیٹر ڈاکٹر عبدالمالک نے کوئٹہ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر جمہوریت کی بحالی اور مشرف کو نکالنے کی تحریک چلائی لیکن وہ بلوچستان کے مسلے پر سنجیدگی سے توجہ نہیں دے رہے۔انھوں نے کہا کہ صدر اور وزیر اعظم سے بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ ، فرقہ وارانہ فسادات ، اغواء برائے تاوان اور مسخ شدہ لاشوں پر اے پی سی بلانے کی بات کی تھی لیکن وہ ٹس سے مس نہ ہوئے۔ ڈاکٹر عبدالمالک نے کہا کہ امریکی اور پاکستانی اسٹیبلیشمنٹ ایک دوسرے سے بہت قریب ہیں اس کانفرنس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ اگر بلوچستان اور وزیر ستان پر حملہ کرتا ہے تو اس کی مذمت کریں گے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے حوالے سے اپنی پالیسی واضح کرے کہ کبھی امریکہ کی حمایت تو کبھی مخالفت کرتا ہے۔