29 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 10:14
وزیراعظم نے بائیڈن کوبتایا’ساتھ تیریں گے ساتھ ڈوبیں گے‘
جنگ نیوز -
کراچی…وکی لیکس کے مطابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے دو ہزار نو میں نائب امریکی صدر جو بائیڈن اور سینیٹر لنزے گراہم سے کہاتھاکہ پاکستان، دہشت گردی کے خلاف جنگ سے خوف زدہ نہیں لیکن وسائل کی کمی ہے ،پاکستان اورامریکا اس جنگ میں ایک دوسرے پر انحصار کرتے ہیں، دونوں ساتھ تیریں گیاور ساتھ ہی ڈوبیں گے۔ خفیہ مراسلہ چھ فروری دو ہزار نو کو امریکی سفیر این ڈبلیو پیٹرسن کی جانب سے بھیجاگیاتھا،اس کے مطابق نو جنوری کو نائب امریکی صدر جو بائیڈن اور سینیٹر لنزے گراہم پر مشتمل وفد نیوزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی۔ مراسلے کے مطابق وزیراعظم کا کہناتھا کہ پاکستان دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ناکامی کا متحمل نہیں ہوسکتا، پاکستان یہ جنگ لڑنا چاہتا ہے لیکن پاکستان کو اس کیلیے مدد کی ضرورت ہے ،فوج، فرنٹئیرکانسٹیبلری، اور پولیس کے پاس وسائل کی کمی ہے ،وزیر اعظم نے امریکا پر زور دیا تھا کہ وہ فرینڈز آف پاکستان کو، پاکستان کی ضروریات پر جلد از جلد غور کا کہے ،مراسلے کے مطابق وزیراعظم نے تسلیم کیاتھا کہ ماضی میں آئی ایس آئی کے دہشت گردوں سے تعلقات رہے ہیں لیکن اب وہ بدل رہی ہے کیونکہ قومی سالمیت کا انحصاراس ادارے پر ہے، سینیٹر جو بائیڈن نے خبردارکیا تھاکہ امریکی امداد میں اضافے کا انحصار افغانستان میں امریکی افواج کی کامیابیوں پر ہے ،مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کے بعد خیبر ایجنسی میں صورتحال بہترہوئی ہے لیکن بیت اللہ محسود، حقانی نیٹ ورک اور دیگر جرائم پیشہ عناصر اب تک فعال ہیں۔